مدینہ منورہ میں نیو ایئر نائٹ پرانتہائی بے ہودہ تقریب کا انعقاد

مکہ معظمہ(نیوز ڈیسک)سعودی عرب کا خطہ حجاز دُنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس ترین خطہ ہے کیونکہ یہاں پر مکہ معظمہ میں خانہ کعبہ اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی اور روضہ نبوی سمیت سینکڑوں مقدس مقامات موجود ہیں۔ اس پاک خطے میں کسی بھی قسم کی غیر اسلامی اور بے ہودہ سرگرمی کی اجازت نہیں دی جاتی تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے کچھ ایسے واقعات پیش آ رہے ہیں جن سے نہ صرف سعودی عوام بلکہ دُنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں۔ایک تازہ ترین واقعہ مدینہ منورہ میں نئے سال کی رات کو پیش آیا۔ جب ایک شاپنگ مال نے اس متبرک شہر کی تقدیس

و حُرمت کا خیال رکھے بغیر میوزیکل تقریب منعقد کی جس میں نیو ایئر نائٹ کا جشن بھی منایا گیا اور کئی خلاف شریعت حرکات بھی سامنے آئیں۔اس واقعے کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو جہاں سعودی عوام کی ایک بڑی گنتی شدید مشتعل گئی وہاں مدینہ منورہ کی انتظامیہ بھی حرکت میں آ گئی۔مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے مدینہ منورہ کی حُرمت کے منافی پروگرام منعقد کرنے پر تجارتی ادارے کو بند کرنے کا حکم دے دیا۔ یہ بے ہودہ تقریب انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کی جا رہی تھی۔ دوسرے اس میں کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر اور گائیڈ لائنز کی بھی خلاف ورزی سامنے آئی۔ مدینہ منورہ گورنریٹ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس شرمناک تقریب کے انعقاد پر متعلقہ ادارے کو سِیل کر دیا گیا ہے جبکہ تقریب کے منتظمین کے خلاف بھی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جو سخت سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔تقریب میں شریک ہونے والے افراد کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔ ایک طرف تو مقدس شہر کی حرمت کا خیال نہیں رکھا گیا، دوسرے کورونا گائیڈ لائنز کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔ گورنریٹ کی جانب سے سعودی شہریوں،تارکین وطن اور زائرین کو تاکید کی ہے کہ وہ مدینہ منورہ کے تقدس اور متبرک حیثیت کا احترام کریں۔خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا اور کوئی رعایت نہیں ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں