لاہور(نیوز ڈیسک) اسلام آباد یونائیٹڈ نے مصباح الحق کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کردیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مصباح الحق اور ٹیم اونر علی نقوی کے ساتھ تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مصباح الحق کا معاہدہ رینیو نہیں کررہے تاہم مصباح الحق کے لیے نیک خواہشات اور ان کی بہتر مستقبل کے لیے دعاگو ہیں۔مصباح الحق قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر کے عہدے کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جس سے سابق کپتان فارغ ہوئے ہیں۔مصباح الحق گزشتہ 4 سالوں سے اسلام آباد یونائیٹڈ وابستہ تھے تاہم آخری مرتبہ انہوں نے بطور ہیڈ کوچ ذمہ داریاں نبھائیں تھیں۔اس سے قبل مصباح الحق اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان بھی رہ چکے ہیں اور ان کی قیادت میں
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2 مرتبہ پی ایس ایل کی ٹرافی جیتی ہے۔یاد رہے کہ 46 سالہ مصباح الحق اس وقت پاکستانی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں اور حال ہی میں چیف سلیکٹر کے عہدے سے سبکدوش ہوگئے تھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل 5 میں پہلی مرتبہ پلے آف مرحلے کے لئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔ مصباح الحق کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ’میرا اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ ایک واضح لگائو ہے ،یکے بعد دیگرے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپس کے باعث وہ پی ایس ایل پر مکمل غیر جانبداری سے نظر رکھنا چاہتا ہوں، پاکستان کرکٹ میں شامل ہر شخص کے لئے اس کی قومی وابستگی ہمیشہ ترجیح ہونی چاہئے اور اس کے لئے مجھے فرنچائز کے ساتھ اپنی کمٹمنٹ کو قربان کرنا پڑے گا ‘‘۔