ریاض(نیوز ڈیسک) امارات کی دو بڑی ایئر لائنز نے تین خلیجی ممالک کے لیے پروازیں عارضی طور معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایمریٹس ایئر لائنز نے سعودیہ، عمان اور کویت کے لیے تمام فلائٹس معطل کردی ہیں۔ اماراتی ایئر لائنز نے اپنی پروازوں کی بندش کا اعلان ایسے وقت کیا جب سعودیہ، کویت اور عمان نے فضائی، زمینی اور سمندری حدود بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، حالیہ بندش کی وجہ یورپ میں کورونا وائرس کی ایک نئی اور مہلک قسم بتائی جا رہی ہے جس سے ہزاروں افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ایمریٹس ایئرلائنز نے ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے ”سعودیہ، کویتی اور عمانی سرحدیں بند ہونے کے بعد ایمریٹس کی پروازیں سعودیہ کے لیے 21 دسمبر سے 27 دسمبر تک معطل رہیں گی، جبکہ کویت اور عمان کے لیے
22 دسمبر سے 28 دسمبر تک پروازیں عارضی طور پر معطل رہیں گی۔جن افرادکی ان تاریخوں میں ان ممالک کے لیے پروازیں تھیں ، انہیں منزل مقصود پر نہیں پہنچایا جائے گا۔ا س زحمت پر ہم اپنے مسافروں سے معذرت خواہ ہیں۔“اس کے علاوہ اتحاد ایئر نے بھی سعودیہ، عمان اور کویت کے لیے پروازوں کی معطلی کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ خلیجی ممالک سمیت 40 ممالک نے برطانیہ کے لیے پروازیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔برطانوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ملک میں کورونا وائرس کی ایک قسم پیدا ہو گئی ہے جو خاصی خطرناک اور قابو سے باہر ہے۔ اگر اس پرفوری قابو نہ پایا گیا تو یہ دُنیا کے دیگر خطوں میں بھی پھیل سکتی ہے۔اس وائرس کی علامات آسانی سے ظاہر نہیں ہوتیں۔