لاہور (نیوز ڈیسک) معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کورونا پھیلا کر عوام سے بدلہ لینے کی خواہشمند ہے۔ مریم نواز نے لاہور کو محاذ جنگ بناتے ہوئے تصادم کی سازش تیار کر لی ہے۔ استعفوں کی دھمکیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اپوزیشن آئینی طریقے سے حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ راجکماری سیاست کا نشہ پورا کرنے کے لیے عوام کو کورونا کی بھینٹ چڑھا رہی ہیں۔ لاہور کو شرپسند عناصر سے بچائیں گے۔ حکومت ان کو سیاسی شہید نہیں بننے دے گی۔ لاہور کو شرپسندوں کے بھیانک ارادوں سے محفوظ رکھیں گے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ان کے خوفناک ارادے، لاہور کو فساد اور افراتفری میں بدلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے قانون کو ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ شوقیہ فنکار روز کوئی نہ کوئی پرفارمنس کرتی ہیں۔وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی نے کہا کہ سرکاری اہل کاروں پر ڈنڈے برسانے کے لیے جاتی امرا میں ڈنڈے پہنچائے گئے تاہم حکومت ان کے عزائم کو بھانپ چکی ہے اور شہریوں کے حقوق کی تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، ’’دلی ہنوز دور است‘‘، جو استعفی لینے آئے تھے وہ اب استعفی دینے کے لیے تیار نظر آتے ہیں، ڈی جے بٹ کو ناجائز اسلحہ کی وجہ سے پکڑا جو بھی قانون کو للکارے گا، قانون کا ڈنڈا حرکت میں آئے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے ملکی دولت لوٹنے والے کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے اور وہ کرپشن کے نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے میدان میں ہیں بھارت کشمیر میں بے پناہ تشدد کر رہا ہے، کشمیر میں عورتوں کی عزتیں پامال ہو رہی ہیں اور مودی سرکار کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے، دنیا ان مظالم کا نوٹس لے۔دریں اثناء اپنے ایک اور بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم عقل کے اندھوں پر مشتمل مسترد شدہ لوگوں کا ٹولہ ہے، جلسے کی ناکامی کے خوف سے اپوزیشن نے ابھی سے واویلا شروع کردیا ہے اور پی ڈی ایم کے کرپٹ عناصر خوف زدہ ہیں، اپوزیشن نے اپنے ادوار میں پہلے کرپشن کا وائرس پھیلایا اور اب یہ عناصر کورونا وائرس پھیلا کر معصوم زندگیوں کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔









