نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بھارت کی ریاست کیرالہ کے کالی کٹ ایئرپورٹ پر بھارتی مسافر طیارہ کریش لینڈنگ کرتے ہوئے رن وے سے پھسل کر آبادی میں جا گھسا ،جس سے پائلٹ سمیت 22افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوگئے ہیں. بھارتی قومی فضائی کمپنی”ایئرانڈیا“کی یہ فلائٹ 191مسافروں کو لے کر دوبئی سے آئی تھی‘ حادثے کے بعد طیارہ تین حصوں میں تقسیم ہو گیا ، بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا ہے.حادثے کا شکار ہونے والی ایئر انڈیا کی ایکسپریس پرواز آئی ایکس 1344 جمعے کی شام دبئی سے کالی کٹ کے کوئیکوڈ ہوائی اڈے پہنچی تھی
اور ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق خراب موسم میں اترتے ہوئے طیارہ رن وے سے پھسل کر نیچے جا گرا۔انڈین ذرائع ابلاغ پر دکھائے جانے والے مناظر میں بوئنگ 737 طیارے کو ٹکڑے ٹکڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔انڈین خبر رساں ادارے اے این آئی نے سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل کے حوالے سے خبر دی ہے کہ طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے پر رک نہیں سکا اور وادی میں گر کر دو ٹکڑے ہو گیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جس وقت طیارہ ہوائی اڈے پر اترا تو حدِ نگاہ بہت کم تھی۔ خیال رہے کہ کوئیکوڈ کے ہوائی اڈے کا رن وے ایک پہاڑی پر واقع ہے۔حکام کے مطابق حادثے کے باوجود طیارے میں آگ نہیں لگی اور جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔سول ایوی ایشن کے حکام کے مطابق اس حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق اس پرواز میں بیشتر مسافر ایسے تھے جن کی کورونا وبا کے باعث دبئی میں ملازمتیں ختم ہو چکی تھیں اور وہ اپنے وطن واپس لوٹ رہے تھے جبکہ چند ایسے مسافر بھی تھے جو چھٹیاں منانے دبئی گئے تھے لیکب وبا کے باعث وہاں پھنس گئے تھے۔طیارے میں سوار مسافروں میں سے 26 ملازمین اپنی ملازمت سے محروم ہوچکے تھے اور قریب 28 جن کے ویزے کی میعاد ختم ہوگئی تھی۔