ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے استعفے دینے والے اراکین کی تعداد سامنے آگئی

لاہور (نیوز ڈیسک) اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی طرف سے جاری حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن کے 50 اور پیپلزپارٹی کے 3 ارکان اسمبلی نے استعفے اپنی قیادت کو جمع کروادیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا تھا کہ حکومت مخالف تحریک میں اگلے لائحہ عمل کے طور پر پی ڈی ایم اتحاد میں شامل جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ 31دسمبر تک اپنی جماعتوں کے قائدین ے پاس استعفے جمع کروائیں گے اس سلسلے میں اب یہ پیش رفت سامنے آئی ہے کہ اب تک اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ ن اور

پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کی طرف سے اپنی قیادت کو استعفے جمع کروانے کا سلسلہ شتروع کردیا گیا ہے اور اب تک مسلم لیگ ن کے 50 جب کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے 3 اراکین اسمبلی کی جانب سے اپنی پارٹی قیادت کو استعفے جمع کروا دیے گئے ہیں۔دوسری طرف پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ ہمارے پاس اور بھی آپشنز ہیں، ہو سکتا ہے استعفے دینے کی نوبت ہی نہ آئے اور حکومت چلی جائے ، نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری منظور احمد نے کہا کہ اپوزیشن کئی دیگر آپشنز پر غور کررہی ہے۔ احتجاج، لانگ مارچ اور اس کے بعد سب سے آخر میں استعفے دینے کی بات ہوئی تھی ۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں استعفوں کے معاملے پر کوئی اختلاف نہیں، پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتیں حکومت کے خلاف ایک پیج پر ہیں، سب جماعتوں میں اندرونی طور پر استعفوں کے معاملے پر میٹنگز ہو رہی ہیں ، یہ تاثر غلط ہے کہ پیپلز پارٹی استعفوں کی مخالف ہے ، پی ڈی ایم کے پاس صرف استعفے ہی آخری آپشن نہیں ہیں، جلسے جلوس اور لانگ مارچ بھی کریں گے۔ ہو سکتا ہے لانگ مارچ کے بعد استعفوں کی نوبت ہی نہ آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں