اپوزیشن والے بند گلی میں چلے گئے ان کوکوئی راستہ ملنے والانہیں ،حکومت

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے استعفوں کی دھمکی حکومت کوبلیک میل کرنے کا ہتھکنڈا ہے ، کیسز میں ریلیف نہ ملنے پر ان لوگوں کو احتجاج یاد آ گیا ، قانون کی خلاف ورزی پرمقدمات درج ہوں گے ، اقتدار میں رہنا اور عوام کو بے وقوف بنانا ان کا کام ہے ، اسی لیے 2 سال بعدان کواچانک خیال آیاکہ الیکشن ٹھیک نہیں تھے ، ان لوگوں نے خزانہ خالی اوراداروں کوکھوکھلا کیا ہے ، اپوزیشن والے بند گلی میں چلے گئے ان کوکوئی راستہ ملنے والا نہیں ، اقتداربرائے کاروبار ہمیشہ ان کا مقصد رہا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اقتدار کے حصول کیلئے ان کا کوئی دین اور ایمان نہیں ہے، اپوزیشن اپنے ہاتھوں سے اپنے سیاسی مستقبل کا گلا گھونٹ رہی ہے جب کہ انہیں عوام اور معیشت کی بھی کوئی فکر نہیں، یہ ان نوسربازوں کی دوسری نسل ہے جو لوٹ کر چلے گئے، اقتدار کی کشش میں یہ اندھے ہوچکے ہیں اور عوام کی بھی فکر نہیں، ان کاکام اقتدار میں آنا اور پھر نوٹ کمانا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت جلسے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی تاہم مینار پاکستان کا جلسہ غیر قانونی ہوگا، اسٹیج پر موجود قائدین کے خلاف ایف آئی آر درج کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے حکمت عملی کے بغیر استعفوں کا اعلان کردیا اور اب استعفوں کا اعلان کرکے پیچھے ہٹ رہے ہیں، یہ اعلان بلیک میل کرنے کے لیے کیا گیا تاہم اپوزیشن نے آخری پتہ بہت پہلے کھیل لیاہے لہذا ان کو شرمندگی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مریم نواز جب بھی بات کرتی ہیں زہر اور نفرت اگلتی ہیں جب کہ اس وقت چلنے والے سب سے بڑے ناٹک کا مرکزی کردار نوازشریف ہیں، ن لیگ اپنے کارکنوں کو مشکل وقت میں چھوڑ کر بھاگ جاتی ہے، نوازشریف اس بار بھی اپنے ورکروں کو چھوڑ کر بھاگ گئے اور اب اپنی صحت کی بات نہیں کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ انہوں نے 2 سال تک کوشش کی کیسز میں ریلیف مل جائے، مولانا صاحب کہتے ہیں سینیٹ کے الیکشن نہیں ہونے چاہئیں ہیں تاہم مولانا کا سینیٹ کے حوالے سے بیان جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں