گھر بھیجنے کا راستہ تحریک عدم اعتماد ہے، اسمبلی میں آجائیں،وزیراعظم کا اپوزیشن کو چیلنج

سیالکوٹ (نیوز ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نیشنل ڈائیلاگ سے پیچھے نہیں ہٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی ڈائیلاگ کی بہترین جگہ پارلیمنٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پارلیمنٹ میں سوالات کے جوابات دینے کے لیے تیار ہوں۔ ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جمہوریت تب چلے گی جب مکالمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سے بات کریں تووہ مقدمات ختم کرنے کا کہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پرمقدمات ان کے اپنے ادوارمیں درج کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار، نوازشریف کے بچے اور داماد سب گزشتہ دورمیں بیرون ملک بھاگے ہیں۔

وزیراعظم نے بات چیت کے دوران کہا کہ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے اورہر ایشو پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن ہم کسی بھی صورت میں این آر او پر بات نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کرپشن مقدمات معاف نہیں کرسکتے ہیں۔وزیراعطم عمران خان نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی جیت ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمیں ہر شعبے میں تاریخی خسارہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کو مقروض اور بینک کرپٹ کرکے چھوڑ گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ان حالات سے نکلنا تھا جو یہ چھوڑ کر گئے تھے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بڑی مشکل کے بعد ہماری معیشت اوپر کی طرف جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دو بڑے ڈیم اور دو نئے شہر بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سب سے زیادہ خوشی عوام کو صحت انصاف کارڈ دینے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ شوکت خانم بنانے کا مقصد غریب کا مفت علاج کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب اورخیبرپختوانخوا کے ہرشہری کو ہیلتھ انشورنس دیں گے۔سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے بات کریں تو وہ مقدمات ختم کرنے کا کہتے ہیں۔ اپوزیشن پر مقدمات ان کے اپنے ادوار میں درج کیے گئے تھے۔ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، ہر مسئلے پر بات کرنے کو تیار ہیں لیکن این آر او پر بات نہیں کی جائے گی۔ کرپشن مقدمات ختم نہیں کیے جا سکتے۔ میاں نواز شریف، اسحاق ڈار اور ان کے بچے ملک سے بھاگے ہوئے ہیں۔

اس سے قبل سیالکوٹ میں نجی ائیر لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر احتیاطی تدابیر پر عمل کیا گیا تو اپنی انڈسٹری اور لوگوں کو بچا سکتے ہیں، ملکی دولت بڑھنےتک لوگوں کوغربت سے نہیں نکال سکتے۔ چین نے 70 کروڑ لوگوں کوغربت سےنکالا، سی پیک کے ذریعے چینی حکومت اب ملک کے مغربی حصے کو اوپر اٹھانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لا رہے ہیں جس کے تحت میٹروپولیٹن سٹی کا نظام بھی متعارف کروائیں گے، اپریل کے بعد ڈائریکٹ میئر کے انتخابات کرائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں