کسی کے ذاتی مفاد کیلئے ہرگز استعفیٰ نہیں دیں گے ، استعفوں کے فیصلے پر ن لیگ میں پھوٹ پڑگئی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری اور مولانا غیاث الدین نے پارٹی قیادت کا اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ مسترد کردیا۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں میاں جلیل شرقپوری نے کہا ہے کہ قومی مفاد کیلئے استعفیٰ مانگا جاتا تو وقت ضائع کیے بغیر فوری دے دیتے ، تاہم کسی کے بھی ذاتی مفاد کیلئے ہرگز استعفیٰ نہیں دیں گے ، پی ڈی ایم سیاسی جماعتوں کا ایسا ٹولہ ہے جو کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے مسلم لیگ ن کسی کی جاگیر یا خاندانی وراثت نہیں کہ جو مرضی فیصلے کریں۔ذرائع کے مطابق مولانا غیاث الدین کا کہنا تھا کہ انہوں

نے مجھے شوکاز بھیجا حالاں کہ میں ان سے زیادہ سینئر مسلم لیگی ہوں ، جو جماعت قومی اداروں کے خلاف ہوگی وہ کبھی قومی مفاد میں کوئی کام کرہی نہیں سکتی۔یاد رہے کہ پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ 31 دسمبر تک تمام ارکان اسمبلی استعفے قائدین کے پاس جمع کروا دیں گے، حکومت کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی ہے، اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کل پہیہ جام ، شٹرڈاؤن اور لانگ مارچ، جلسو ں، مظاہروں کا شیڈول جاری کیا جائے گا،لاہورجلسہ تاریخی اور حکومتی تابوت میں آخری کیل ہوگا۔انہوں نے پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے این آراو لینے کی درخواست آئی لیکن پی ڈی ایم نے مذاکرات کی درخواست کو مسترد کردیا ہے، وہ اس قابل نہیں ان سے مذاکرات کیے جائیں،31 دسمبر تک تمام پارٹیوں کے پارلیمانی اراکین اپنے استعفے پارٹی قائدین کے پاس جمع کروا دیں، ان میں صوبائی اور قومی اسمبلی کے ممبران شامل ہوں گے، کل اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں پہیہ جام ، شٹرڈاؤن اور مختلف اضلاع میں جلسو ں اور مظاہروں کا شیڈول جاری کیا جائے گا، اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تاریخ کا بھی اعلان کیا جائے گا، پی ڈی ایم اجلاس کے دوران جو بھی خبریں چلائی گئیں ان کی اب تردید ہوگئی ہے ہم عوام کو مایوس نہیں ہونے دیں گے، عوام کا ردعمل پرجوش ہے، اس میں مزید اضافہ ہوگا، لاہور کا جلسہ تاریخی ہوگا یہ حکومتی تابوت میں آخری کیل ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں