وزیراعظم کو گھر جانا ہو گا،ن لیگی رکن اسمبلی نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد افضل کھوکھر نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد افضل کھوکھر نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے۔اپنے بیان میں لیگی رکن قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ حالات کے پیش نظر حلقہ این اے 136 سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں،مجھے اپنی پارٹی پر مکمل اعتماد ہے۔اپنی پارٹی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہوں۔پارٹی کے قیادت کے فیصلوں کا مکمل طور پر پابند ہوں۔ حکومت اور مسلط شدہ وزیراعظم کو گھر جانا ہو گا۔گذشتہ روز حلقہ این اے 90 سے رکن قومی اسمبلی چودھری

حامد حمید کی جانب سے پہلا تحریری استعفیٰ بھی سامنے آیا تھا۔ حامد حمید نے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے نام لکھا اور کہا کہ گزارش ہے کہ میرے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اور اس ملک و قوم کے بہترین مستقبل کے لیے یہ اب انتیائی ناگزیر ہو چکا ہے کہ اس نااہل اور نالائق وزیراعظم کو اب گھر جانا چاہئیے ۔میرے ملکی مسائل حل نہ ہونے پر بجلی، گیس ، ادویات، آٹا ، چینی ، دالیں ، پٹرول ، سبزیاں، پھل مہنگا کرنے پر ملک میں بے روزگاری بڑھانے پر ملک میں لاقانونیت بڑھانے پر، میڈیا پر پابندیاں لگانے پر ، اپوزیشن پر ناجائز مقدمات بنانے پر ، کشمیر کا سودا کرنے پر ، اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کرنت پر ، مرزائیوں کی بے جا حمایت کرنے پر ، علما کی تذکیل کرنے پر ، غریب کو غریب تر کرنے پر ، میں اور میری جماعت کی اعلیٰ قیادت یہ سمجھتی ہے کہ حکومت سیلیکٹڈ اور نا اہل ہے۔کرپٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اب اس ملک و قوم پر بوجھ بن گئی ہے۔ لہٰذا اب اس حکومت کو گھر جانا چاہئیے۔ ان حالات کے پیش نظر میں اپنی قومی اسمبلی کی سیٹ حلقہ نمبر این اے 90 سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔ میرا مرنا جینا پاکستان مسلم لیگ ن ہے اور میں اپنی قیادت کے ہر فیصلے کا پابند رہوں گا۔ اور قدم قدم پر میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کے ساتھ تھا، ہوں اور انشاء اللہ رہوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں