عوام مہنگائی سے تنگ ہے اور حکومت میری تقریر پر پابندیاں لگانے میں مصروف ہے،نواز شریف

لاہور (نیوز ڈیسک) نواز شریف نے کہا کہ غیر آئینی لوگوں نے ملک میں آزادی اظہار رائے کا گلا گھونٹ رکھا ہے، انہوں نے ملک میں مہنگائی عام کردی ہے، یہ غیر جمہوری لوگ ملک تباہ کر چکے ہیں۔ لاہور میں سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ آج مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔لیکن اس حکومت کا دھیان اس طرف ہے کہ نواز شریف کو کیسے روکیں، نواز شریف کی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر تقریر نشر نہ ہو، اور کسی طرح نواز شریف کو روک دیا جائے۔ نواز شریف نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ میڈیا پر میری تقریر پر

پابندی لگا کر میری آواز کو دبا لیں گے۔ ان کو بتا دو کہ اب وہ دس سال پرانا دور نہیں رہا، اب سوشل میڈیا کا دور ہے، اب جھوٹ کو چھپانا ممکن نہیں رہا۔آج سوشل میڈیا کے باعث کسی کی بھی آواز نہیں دبائی جاسکتی اور اس کی مثال اس وقت میرے سامنے موجود آپ سب ہیں، آپ میں سے ہر ایک اس وقت ایک میڈیا ہاؤس ہے۔ چاہے ٹوئٹر ہو، فیس بک ہو، یوٹیوب ہو، انسٹاگرام یا ٹک ٹاک ہو۔ یہ وہ ذرائع ابلاغ ہیں جن کے باعث کسی کی آواز نہیں روکی جا سکے گی ۔ سوشل میڈیا والنٹیئرز کو مخاطب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ آپ سب میرا پیغام سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلاتے رہیں ۔میری آپ سب سے درخواست ہے کہ سوشل میڈیا پر آپ کسی صورت میں بھی اخلاقیات کا دامن نہ چھوڑیں ۔ آپ کو اس وقت مزید چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہماری سوشل میڈیا فورس کو ناکام بنانے کے لیے یہ سوشل میڈیا پر قدغن لگائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان سیلیکٹڈ اور نااہل حکمرانوں کی حکومت ہچکولے کھا رہی ہے ۔ آپ کا جذبہ ان گرتی ہوئی دیواروں کو آخری دھکا ثابت ہوگا۔آپ کے خوف میں غیر آئینی قوتوں کی فتح اور آپ کی بے خوفی میں غیر آئینی قوتوں کی ناکامی ہے ۔ یہ آپ کو ڈرائیں گے، لیکن آپ نے حق کا چراغ جلا کر رکھنا ہے۔ جب آپ کو معلوم ہے کہ آپ حق پر ہیں تو آپ کو بالکل نہیں گھبرانا چاہیے ۔ نواز شریف نے کہا کہ میں آپ کو وہ مستقبل دینا چاہتا ہوں جو گزشتہ 73 برسوں سے ہمیں نہیں ملا۔ میرا قصور یہ ہے کہ میں ووٹ کو عزت دو کی شمع کو بلند کر کے چل رہا ہوں ۔میرا قصور یہ ہے

کہ میں ان آئین شکنوں اور انصاف کے دشمنوں کو بے نقاب کررہا ہوں۔ میرا قصور یہ ہے کہ میں پاک فوج کے جوانوں اور افسروں کو سلام پیش کر کے چند آئین شکنوں کو بے نقاب کررہا ہوں، میں ان کے نام لے کر ان کو بے نقاب کررہا ہوں، یہ میرا جرم ہے ۔ کیا ریاست کے اوپر ریاست چلانے کا پلان بنانے والوں کا نام لینا غداری ہے ؟ کیا آپ کا مال لوٹ کر امریکہ میں سلطنت قائم کرنے والوں کا نام لینا غداری ہے ؟ ان لوگوں کو نواز شریف کی بات نہیں پسند تو کوئی بات نہیں، لیکن آپ لوگ اس ملک کا مستقبل ہیں، آپ نے اس ملک کے خواب کو تعبیر کو دینی ہے، پاکستان کا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں ہے، اور انشاءاللہ آپ کا یہ جذبہ اور جنون ہی ملک کو آگے بڑھائے گا ۔تقریر کے اختتام میں نواز شریف نے اعلان کیا کہ مسلم لیگ (ن) اور پی ڈی ایم کا 13 دسمبر کا جلسہ لاہور میں مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہوگا، جس میں وہ کارکنوں سے خطاب کریں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں