ن لیگ کے کنونشن میں لیگی رہنما نے ’’گو نواز گو‘‘ کا نعرہ لگا دیا

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے لاہور میں سوشل میڈیا کنونشن کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کھوکھر پیلس لاہور میں جاری سوشل میڈیا کنونشن میں لیگی رہنما افضل کھوکھر نے ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگا دیے ہیں ۔گو نواز گو کا نعرہ لگانے کے بعد افضل کھوکھر کو احساس ہوا کہ ان کی زبان پھسل گئی جس پر انہوں نے تحریک انصاف کے خلاف نعرے بازی شروع کردی ۔واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جانب سے لاہور میں سوشل میڈیا کنونشن منعقد کیا گیا ہے جس میں ملک بھر سے والنٹیئرز اکھٹے کیے گئے ہیں جو مسلم لیگ (ن) کی سوشل میڈیا کوریج دیکھیں گے۔

اس تقریب سے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور نائب صدر مسلم لیگ(ن) مریم نواز بھی خطاب کریں گی ۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر سے 80 کنال اراضی واگزار کرا لی گئی۔اینٹی کرپشن پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور اور اینٹی کرپشن پنجاب نے قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ن لیگ کے ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر سے 80 کنال اراضی واگزار کرا لی۔اینٹی کرپشن اور ضلعی انتظامیہ نے قبضہ شدہ پراپرٹی پر تعمیرات مسمار کر دیں۔حکام اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق واگزار کرائی جانے والی زمین کی مالیت اربوں روپے ہے، رائیونڈ روڈ پر واگزار کرائی گئی اراضی نزول لینڈ قرار دےکر مفاد عامہ کے لیے استعمال ہو گی۔حکام کا کہنا ہے کہ ڈی سی لاہور کی درخواست پر گزشتہ روز لینڈ مافیا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمہ سیف الملوک کھوکھر کے فرنٹ مینوں کے خلاف درج کیا گیا تھا۔ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ سیف الملوک کھوکھر نے مبین داؤد، مبشر اور افضل خان کی مدد سے اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے، مذکورہ اراضی پارسی خاندان عیدل ڈینشا جی کی ملکیت تھی، ڈینشاجی کی وفات کے بعد اولاد نہ ہونے کی وجہ سے پراپرٹی لاوارث ہو گئی تھی۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملک سیف الملوک کے فرنٹ مینوں نے ملی بھگت سے جائیداد اپنے نام ٹرانسفر کرا لی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں