حکومت مخالف تحریک، ن لیگ کے اراکین پارلیمنٹ نے استعفے جمع کروانا شروع کردیے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کی اکثریت اسمبلیوں سے استعفوں پر متفق ہوگئیں ، مسلم لیگ ن کے اراکین قومی اسمبلی نے استعفے مرکزی قیادت کو جمع کروانا شروع کردیے، اراکین صوبائی اسمبلی بھی جلد استعفے جمع کروائیں گے ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے استعفوں کے بارے میں پی ڈی ایم کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کیا جائے گا جب کہ جمعیت علماء اسلام ف کے اراکین پارلیمنٹ بھی استعفے جلد جمع کروادیں گے تاہم پاکستان پیپلزپارٹی فوری طور پر استعفے دینے کے حق میں نہیں ہے۔

اس سے پہلے پاکستان مسلم لیگ ن نے13 دسمبر کے جلسے میں استعفے دینے کا عندیہ دے دیا تھا ، پارٹی صدر شہبازشریف نے مریم نواز کو سیاسی معاملات چلانے سے متعلق اہم مشورے دیے، شہبازشریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز نے لانگ مارچ پر بھی اتفاق کیا۔دوسری جانب لکی مروت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کاکہنا تھا کہ 13 دسمبر کو ہونے والے لاہور کے جلسے میں بھرپور شرکت کریں گے۔ ملکی معیشت کو موجودہ حکومت نے تباہ کردیا، نااہل حکمرانوں کی پشت پناہی کی جا رہی ہے۔بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔ سب کو آئین کے دائرے میں رہنا ہوگا۔ موجودہ حکمرانوں نے کشمیر پر بھارت کے قبضے کو قانونی شکل دے دی۔ ہمارے نااہل حکمرانوں نے بھارت کو خطے میں بالادستی دلا دی ہے۔امیر جمعیت علمائے اسلام کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی پوری تاریخ میں ایسا نا اہل حکمران نہیں آیا، امت مسلمہ اس وقت یتیم ہے، اسرائیل کو بالادستی دلائی جا رہی ہے، کورونا کی آڑ میں بچوں کا مستقبل تباہ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے حکمرانوں نے کشمیر پر ہندوستان کے قبضے کو قانونی قرار دیا، موجودہ حکمران نے امت مسلمہ کو یتیم کرنے کی پالیسی اختیار کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں