فردوس عاشق اعوان کا مارشل آرٹس کا مظاہرہ،ایک ہی مکے میں کئی ٹائلیں توڑ ڈالیں

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھرپور طاقت کا مظاہرہ کر کے ایک بار پھر سب کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا۔تفصیلات کے مطابق معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے ایک تقریب میں شرکت کی جس میں انہوں نے مارشل آرٹس کا مظاہرہ کر کے سب کو حیران کردیا۔فردوس عاشق اعوان نے زور دار مکا مار کر ایک کے اوپر ایک رکھے ہوئے ٹائلز توڑے جس پر پنڈال میں بیٹھے سب لوگوں نے اُن کو داد دی۔بعد ازاں معاونِ خصوصی نے کہا کہ ’میں نے پی ڈی ایم کو ذہن میں رکھ کر مکا مارا ہے، اس لیے وہ کرچی کرچی ہوگئی‘۔

فردوس عاشق اعوان نے مریم نواز پر ظنز کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت کے جانے کی باتیں کرنے والی مریم نواز سُن لیں کہ حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ مریم نواز ضمانت پر ہیں اور اب وہ جیل جائیں گی‘۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سیاسی ڈھانچہ کو مضبوطی سے تھامے ہوئے ہیں، سیاسی لاشوں کا پوسٹمارٹم ضرور ہوگا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب وزیراعظم کی قیادت میں کام کررہے ہیں، پی ڈی ایم کورونا جہاں جہاں جائے گاوائرس پھیلائے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے معیشت، اداروں اور سیاسی نظام کو معذور کیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں، خصوصی افراد کو سہولتیں دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔فردوس عاشق اعوان نے تحریر کیا کہ سابق حکمرانوں نے معذور افراد کے لیے خاطرخواہ اقدامات نہیں اٹھائے، بزدار حکومت خصوصی افراد کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں