اماراتی حکام نے پاکستان سے سینکڑوں مسافروں کو آنے سے روک دیا، مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پی آئی اے اور دیگر ایئرلائنز کے متحدہ عرب امارات جانے والے سیکڑوں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے اور متحدہ عرب امارات نے اجازت دینے کے باوجود مسافروں کو نہ آنے دیا۔گزشتہ روز متحدہ عرب امارات حکومت کی جانب سے اپنے ملک آمد سے قبل فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (آئی سی اے) سے منظوری لینے کے عمل کو ختم کردیا گیا ہے۔جب پی کے 217 پشاور ابوظہبی کے مسافر ایئرپورٹس پہنچے تو چیک ان کے عمل کے دوران ویزے کی منظوری نہیں بھیجی گئی۔پی آئی اے کی انتظامیہ نے ابو ظہبی ایئرپورٹ حکام سے رابطہ کیا تو انھوں نے کہا کہ آئی سی اے منظوری کو ختم کردیا گیا ہے

اور ایسا کوئی مسئلہ نہیں تاہم امارات کے ہی امیگریشن حکام نے پی آئی اے کو تنبیہ کی کہ اگر ایسے مسافر آئے تو وہ انھیں ڈی پورٹ کرکے ایئر لائن کو جرمانہ کیا جائے گا۔گزشتہ روز پی آئی اے کے 59 مسافر پشاور سے ابو ظہبی کی پرواز پر نا جاسکے اور ائیر پورٹ پر ہی انتظار کررہے ہیں جبکہ اسلام آباد سے بھی ایک نجی ایئر لائن کے 83 مسافر ابوظہبی کی پرواز سے واپس اتارے گئے۔ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق پی آئی اے ابو ظہبی ائیرپورٹ حکام سے اپنے کنٹری مینیجرز کے ذریعے کنفیوژن کو ختم کرنے کیلئے رابطے میں ہے، اگر مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو پاکستان سفارتی ذرائع سے بھی مدد کی درخواست کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں