عارف علوی نےظفر اللہ جمالی کے انتقال کا ٹویٹ ڈیلیٹ کرکے معافی مانگ لی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت عارف علوی نے ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی کی وفات پر تعزیتی بیان جاری کیا تاہم کچھ ہی دیر بعد اسے حذف کردیا۔بعد ازاں نئی ٹوئٹ میں صدر مملکت نے ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنے کی وضاحت کی اور کہا کہ میر ظفراللہ خان جمالی وینٹی لیٹر پر ہیں۔صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ غلط معلومات کی بنیاد پر کیا گیا اپنا ٹوئٹ ہٹادیا ہے، میر ظفراللہ خان جمالی کے اہل خانہ سے معذرت خواہ ہوں۔صدر مملکت نے کہا کہ میں نے عمرجمالی سے بات کی جنھوں نے بتایا کہ ظفراللہ جمالی وینٹی لیٹر پر ہیں، اللہ تعالیٰ میر ظفراللہ جمالی کو جلد صحت کاملہ عطاء فرمائے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق

ظفر اللہ جمالی کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے، انہیں راولپنڈی کے اے ایف آئی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ظفر اللہ جمالی کے صاحبزادے میر عمر خان جمالی نے قوم سے والد کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ میر ظفر اللہ جمالی کو جلد صحت یابی عطا فرمائے، چوہدری پرویز الٰہی نے بھی میر ظفر اللہ جمالی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی۔واضح رہے کہ ظفر اللہ جمالی پاکستان کے 15ویں وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ق لیگ کی جانب سے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے ظفر اللہ جمالی ایک سال 7 ماہ سے زائد عرصے تک اس عہدے پر فائز رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں