این سی او سی نے5اہم شہروں کو کورونا کا مرکز قرار دیدیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق کورونا وائرس کا 70 فیصد پھیلاؤ ملک کے 5 بڑے شہروں میں ہے۔اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی صورتحال، اسمارٹ لاک ڈاؤن پرعملدرآمد، آکسیجن بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کراچی، حیدرآباد، پشاور اور راولپنڈی میں تیزی سے پھیل رہاہے جب کہ وائرس کا 70 فیصد پھیلاؤ ملک کے 5 بڑے شہروں میں ہے جس میں راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، لاہور اور کراچی شامل ہیں۔این سی او سی اجلاس میں بتایا گیا کہ اس ہفتے یومیہ

اوسطاً 46 اموات ہوئیں اور237 مریض اسپتالوں میں داخل ہوئے، وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر تمام اسپتالوں میں میڈیکل آلات اور ضروری اشیا کی وافرمقدار میں دستیابی یقینی بنائی گئی ہے جب کہ ایس او پیز پرعملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ذمہ داران کو کارروائیاں بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں کے دوران کورونا سے 43اموات ہوئی ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7ہزار985 تک پہنچ گئی ہے۔پاکستان میں3 لاکھ 39 ہزار810کورونا متاثرین صحتیاب ہوئے ہوچکے ہیں اور47ہزار390 زیر علاج ہیں۔اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 29 ہزار782، خیبر پختونخوا میں 46 ہزار 877، سندھ میں ایک لاکھ 71 ہزار 595، پنجاب میں ایک لاکھ 18 ہزار511، بلوچستان میں 17 ہزار101، آزاد کشمیر میں 6 ہزار 682 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 637 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 2 ہزار 979 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں 2 ہزار911، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 359، اسلام آباد میں 309، گلگت بلتستان میں 97، بلوچستان میں 166 اور آزاد کشمیر میں 164 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں