منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف کی اہلیہ، بیٹا، بیٹی اور داماد اشتہاری قرار

لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، بیٹے سلمان شہباز ، بیٹی رابعہ عمران اور داماد ہارون یوسف کو منی لانڈرنگ ریفرنس میں اشتہاری قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی تاہم باربار طلب کیے جانے کے باوجود چند ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر احتساب عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز، بیٹے سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دے دیا اس کے ساتھ ساتھ شہباز

شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور داماد ہارون یوسف کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق دوران سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ 30 دن مکمل ہو گئے ہیں لیکن ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے ، تمام ملزمان کو بذریعہ اشتہار بھی طلب کیا گیا لیکن وہ اس پر بھی پیش نہیں ہوئے جس کی بناء پر احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے غیر حاضر ملزمان کو اشتہاری قرار دیا ، عدالت میں نیب کے گواہ ڈپٹی سیکرٹری پنجاب اسمبلی فیصل بلال اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر الیکشن کمیشن خالد محمود نے بیانات قلمبند کرائے جس کے بعد کیس کی سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔قبل ازیں پولیس نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو جب عدالت میں پیش کیا تو اس موقع پر احتساب عدالت کے جج جواد الحسن اور نیب کے وکیل عثمان جی راشد چیمہ نے شہباز شریف سے ان کی والدہ کی وفات پر تعزیت بھی کی۔ دوسری طرف قومی احتساب بیورو نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی بیٹی اور داماد سمیت دیگر ملزمان کے خلاف 16 گواہان کی فہرست تیار کر لی ، بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی بیٹی اور داماد کے خلاف گواہان میں صاف پانی کمپنی کے آفیشلز ، آڈیٹرز اور اکاؤنٹنٹ شامل ہیں اس کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی ایکسچینج آف پاکستان کے نمائندے ، بینکوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور نیب آفیشلز بھی گواہاں میں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق صاف پانی کمپنی کے سابق مینجر خرم جاوید ، آڈیٹر حیدر قرار کے علاوہ نور زبیر ، محمد جاوید اقبال ، فیاض الدین ، معین راجپوت بھی شہباز شریف کی بیٹی اور داماد اور دیگر ملزمان کے خلاف گواہی دیں گے جب کہ ذوالفقار علی ، سکندر ہارون ، ذیشان نیازی اور بشیر احمد بھی گواہان کی فہرست میں شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں