ملک بھر میں تعلیمی ادارے کتنے وقت کیلئے بند رہیں گے،جانئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کورونا وبا کے بڑھتے کیسزکے پیش نظرحکومت نے 26 نومبرسے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔وفاقی وزیرشفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 26 نومبرسے 24 دسمبرتک آن لائن تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا، 25 دسمبرسے 10 جنوری تک سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی، جنوری کے پہلے ہفتے میں ریویوسیشن ہوگا، 11 جنوری کو تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے جب کہ یونیورسٹی فوری طورپرآن لائن لرننگ شروع کردیں گی۔شفقت محمودکے مطابق مارچ، اپریل میں بورڈ کے امتحانات کومئی میں کرانے کی سفارش کی ہے، یونیورسٹی ہاسٹلزکے طلبہ کا

ایک تہائی حصہ ہاسٹلزمیں قیام کرسکیں گے، نوکریوں کے سلسلہ میں ہونے والے ٹیسٹ جاری رہیں گے۔شفقت محمود کا کہنا ہے کہ اساتذہ کوبلانے کے حوالے سے اسکول انتظامیہ فیصلہ کرے گی، نیا تعلیمی سال کواگست میں لے جانے کے حوالے سے تجویز زیرغور ہے، کورونا کے حوالے سے تمام صورتحال کا جائزہ لیا جاتارہے گا۔اس سے قبل وفاقی وزیرشفقت محمود کی زیرصدارت وزرائے تعلیم کا اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرائے تعلیم و دیگر متعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔‏ اجلاس میں کورونا صورتحال کاجائزہ لیا گیا، موسم سرما کی تعطیلات سے متعلق مشاورت ہوئی اور موسم سرما کی جلد اورمعمول سے زائد تعطیلات کی تجویزپرتبادلہ خیال ہوا۔اجلاس میں حکومت نے کورونا وبا کے بڑھتے کیسزکے پیش نظر26 نومبرسے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کردیا جب دسمبرمیں ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔وفاقی وزارت تعلیم نے کورونا کیسز بڑھنے پر تعلیمی اداروں کے لیے تجاویز ‏صوبوں ‏کوارسال کی تھیں جس کے مطابق پہلی تجویزتعلیمی اداروں کو 24 نومبرسے 31 جنوری تک بند کرنے، دوسری تجویزنومبرسے پرائمری اسکولز بند کردئیے جائیں جب کہ تیسری تجویزمیں ‏2 دسمبرسے مڈل اسکولزبند کرنے کا کہا گیا ہے۔تجاویزمیں مزید کہا گیا کہ ‏15 دسمبر سے ہائرسیکنڈری اسکولزکے بچوں کو اداروں میں آنے سے روک ‏دیا ‏جائے، اساتذہ کو اداروں میں بلایا جائے،آن لائن ایجوکیشن کے لیے تیاری کی ‏جائے۔ مقامی طورپرانتظامات کئے جائیں، ٹیلی اسکول، ٹیلی ریڈیو سمیت آن لائن ‏ایجوکیشن ‏سسٹم

کو لاگو کیا جائے۔وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے تعلیمی سیشن کو31 مئی تک بڑھانے کی تجویزدی گئی ہے جس کے تحت میڑک ، انٹرمیڈیٹ امتحانات ‏جون ‏‏2021 میں لیے جائیں گے۔واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے تیز وار جاری ہیں جس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے مزید 34 افراد انتقال کر گئے جب کہ مزید 2756 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 7696 ہوگئی ہے جب مجموعی کیسز 3 لاکھ 76929 تک جا پہنچے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں