علامہ سعد رضوی تحریک لبیک پاکستان کے نئے امیر مقرر

لاہور (نیوز ڈیسک) علامہ سعد رضوی کو تحریک لبیک پاکستان کا نیا امیر مقرر کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم رضوی انتقال فر ما گئے ، آج لاہور میں لاکھوں افراد کی موجودگی میں ان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی تحریک لبیک پاکستان کے نیے امیر کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق علامہ سعد رضوی کو تحریک لبیک پاکستان کا نیا امیر مقرر کیا گیا ہے۔علامہ سعد رضوی ، خادم حسین رضوی کے صاحبزداے ہیں۔تحریک لبیک کے نئے امیر کا اعلان مینار پاکستان گراؤنڈ کے اجتماع میں کیا گیا۔ نماز جنازہ مینار پاکستان

گراؤنڈ میں ادا کی گئی، جس میں عقید مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جنازہ سے قبل ہی لوگوں کی بڑی تعداد مینار پاکستان گراؤنڈ پہنچ گئی، گریٹر اقبال پارک اور اس کے اطراف کی سڑکیں بھر گئیں۔ جنازے کے راستے پر بھی لوگوں کی بڑی تعداد صبح سے موجود رہی۔ تحریک لبیک کے کارکنان میت کے ہمراہ جنازہ گاہ کی جانب رواں دواں رہے اور اطراف کی سڑکوں پر بھی لوگوں کا جم غفير موجود رہا۔ علامہ خادم حسین رضوی جمعرات کی رات کو انتقال کر گئے تھے۔اس موقع پر لاہور میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل سخت کیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ایک ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں نے فرائض سر انجام دیئے، جن میں 03 ایس پیز، 14 ڈی ایس پیز، 31 ایس ایچ اوز، 116 اَپر سب آرڈینیٹس شامل تھے۔ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس، اے آر ایف، ایس پی یو اور سادہ لباس میں ملبوس جوانوں نے بھی ڈیوٹی دی، شہر بھر میں مختلف مقامات پر گذشتہ رات بھرپور سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی کیا گیا، ڈولفن سکواڈ اور پیرو ٹیمیں جنازے کے روٹ، گریٹر اقبال پارک اور گرد و نواح میں موثر پٹرولنگ کرتے رہے، بلند عمارتوں پر تعینات سنائپرز نے اطراف کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں