لاہور میں لاک ڈائون لگانے کی تیاریاں

لاہور (نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر لاہور نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ایک مرتبہ پھر سے شہر بھر میں لاک ڈاؤن کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے کہا کہ کاروبار بھی چلانا چاہتے ہیں اور کورونا پر قابو پانا بھی وقت کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام ماسک کا استعمال لازمی کریں تاہم عوام نے عملدرآمد نہ کیا تو لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا، کورونا اور سموگ دونوں کا چیلنج ہے۔ لوگ غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں، بزرگوں کا خیال رکھیں۔ مدثر ریاض ملک نے کہا کہ ضلعی

انتظامیہ “سوہنا لاہور مہم” کو ہر صورت کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، تمام محکموں کو ان کی ذمہ داریوں سے نہ صرف آگاہ کیا گیا ہے بلکہ انہیں متحرک کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر محکمے کو اپنا کام کرنا ہوگا، سوہنا لاہور مہم دلکش لاہور اور بیوٹیفکیشن آف لاہور پراجیکٹ سے مختلف ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 2 ہزار 208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 63 ہزار 380 ہوگئی۔این سی او سی کے مطابق فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 30 ہزار 362 ہوگئی جب کہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 3 لاکھ 25 ہزار 788 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 37 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 7 ہزار 230 ہوگئی۔سندھ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 57 ہزار 432 ، پنجاب میں ایک لاکھ11 ہزار 626، خیبرپختونخوا 42 ہزار 815 ، اسلام آباد میں 24 ہزار 871، بلوچستان میں 16 ہزار 529 ، آزاد کشمیر 5 ہزار 640 اورگلگت بلتستان میں 4 ہزار 467 تعداد ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں