بڑے ممالک کے دبائو کے باوجود وزیراعظم کی جانب سےفلسطینیوں کی حمایت پر فلسطینی صدر عمران خان کے شکرگزار

فلسطین(نیوز ڈیسک) فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ بڑے ممالک کے دباؤ کے باوجود پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کو بے حد سراہتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کے نام ایک خط میں فلسطین کے صدر محمود عباس نے فلسطین کی جدوجہد سے متعلق پاکستان کے مؤقف پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی کاز سے متعلق پاکستان کی حمایت اور غیر متزلزل موقف قابل تحسین ہے۔ بڑے ممالک کے دباؤ کے باوجود آپ کی فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کو بے حد سراہتے ہیں۔محمود عباس کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کیلئےانصاف کا مطالبہ آپ کے

حوصلے، ثابت قدمی کا مظہر ہے۔ پاکستان، وزیراعظم، صدر اور عوام کی ترقی وکامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے بیان میں کہا کہ ذرائع ابلاغ میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں وزیراعظم کے بیان کا حوالہ دیا گیا۔وزیراعظم سے متعلق دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان پر اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے امریکی دباؤ ہے۔ وزیر اعظم نے واضح طور پر پاکستان کا اصولی موقف پیش کیا تھا۔وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان کسی صورت اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا، مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ناگزیر ہے، مسئلہ فلسطین کے قابل اطمینان حل تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتا۔ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے واضح کیا تھا کہ پاکستان کی پالیسی قائداعظم کے وژن سے جڑی ہے۔ وزیر اعظم کے بیانات معاملے پر پاکستانی موقف کی واضح تصدیق ہیں۔وزیراعظم کے بیان کے بعد کسی بے بنیاد قیاس آرائی کی کوئی گنجائش نہیں۔ پاکستان منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کیلئے دو ریاستی حل کی حمایت کرتا رہے گا۔ پاکستان اقوام متحدہ اور او آئی سی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا حل چاہتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں