پاکستان نے بھارتی انتہا پسندی کے ثبوت سلامتی کونسل ممالک کو پیش کردیئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ممالک کے سفیروں کو بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزیئر دے دیئے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارت پاکستان کوعدم استحکام سےدوچارکرنےکی سازش کررہا ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے اور دہشت گردوں کی سرپرستی پر سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک چین ، امریکا، روس ،برطانیہ اور فرانس کے سفیروں کو دفترخارجہ میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر پاکستان کیخلاف بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزیئر دیا گیا ، ترجمان نے بریفنگ میں بتایا کہ

بھارت پاکستان کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کررہا ہے ، بھارتی مہم جوئی اور اقدامات سے امن کو خطرات لاحق ہیں۔یاد رہے 2 روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، بھارت بدمعاش ریاست کا روپ دھارنے جا رہا ہے اور دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔بھارت نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، بھارتی غیر قانونی اقدامات کا مختلف فورمز پر اظہار کرتا رہا ہوں، مزید خاموشی پاکستان کے مفاد میں نہیں ہوگی ، وقت آگیا ہے کہ قوم اور عالمی برادری کو اعتماد میں لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف جتناہونا چاہیئے اتنا نہیں ہوتا، سنہ 2001 سے 2020 تک 19 ہزار 130 دہشت گرد حملے پاکستانیوں نے برداشت کیے، ان حملوں میں 83 ہزار سے زائد جاں بحق اور 25 ہزار سے زائد شہری زخمی ہوئے، پاکستان کو 126 ارب ڈالر سے زیادہ معاشی نقصان پہنچا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بھارت کے خلاف ناقابل تردید شواہد ہیں جو سامنے رکھنا چاہتے ہیں، شواہد ڈوزیئر کی شکل میں پیش کر رہا ہوں جس میں بہت تفصیلات ہیں، پشاور اور کوئٹہ میں حالیہ دہشت گردی کے حملے بھی بھارتی منصوبہ بندی کی عکاسی کرتے ہیں، بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیز پاکستان میں کالعدم تنظیموں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں