سندھ ہائیکورٹ بار الیکشن، صلاح الدین نے ریکارڈ ووٹ لیکر نئی تاریخ رقم کردی

کراچی(نمائندہ خصوصی)سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی قانونی ٹیم کے رکن بیرسٹر صلاح الدین احمد بھاری اکثریت سے صدر منتخب ہوگئے ،بیرسٹر صلاح الدین احمد نے 1605ووٹ حاصل کیےاوراپنے مد مقابل وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار احمد علی شاہ کو بدترین شکست دیکر تاریخی فتح حاصل کر لی ہے ،احمد علی شاہ صرف 516ووٹ ہی حاصل کرسکے۔نائب صدر ، خازن اور جوائنٹ سیکرٹری کے عہدوں پر باالترتیب محمد ارشد قیصر وارثی، شاکر حسین بوگھیو اور محمد عارف شیخ کامیاب قرار پائے ہیں۔

سیکریٹری کی نشست پر محمدعمر سومرو نے 1262ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی جبکہ جی این قریشی779 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ،ذاکر حسین 632 ووٹ لے کر خازن اور عارف شیخ990 ووٹ لے کر جوائنٹ سیکریٹری منتخب ہوئے ۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان اتوار کو کیا گیا، الیکشن کمشنر انور منصور خان اور ایڈیشنل الیکشن کمشنر صوفیہ سعید شاہ نے تفصیلات جاری کیں۔ بیرسٹر صلاح الدین احمد نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سیاسی تاریخ میں ریکارڈ فتح حاصل کی ہے کیونکہ اس سے قبل ماضی کی ستر سالہ انتخابی تاریخ میں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں صدارت کے لیئے 1100 کی برتری سے کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہوئے۔بیرسٹر صلاح الدین احمد کم عمر ترین صدر منتخب ہوئے ہیں ، وہ سابق چیف جسٹس صبیح الدین احمد کے صاحبزادے ہیں اور انہیں ممتاز قانون دان رشید اے رضوی اور منیر اے ملک کی حمایت حاصل تھی۔ کورونا وائرس سے مبتلا نو منتخب صدر بیماری کے باعث گزشتہ دو روز اپنے گھر میں خود کوکورنٹائن کیئے ہوئے ہیں اس لیئے نتائج کے موقع پر وہ بار میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ بھی موجود نہ تھے ۔دریں اثناء جسٹس ہیلپ لائن کے بانی ندیم شیخ ایڈووکیٹ نے نومنتخب عہدیداروں کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر امان اللہ کنرانی نے صلاح الدین احمد خان اور عمر سومرو سمیت تمام عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پروفیشنل لائرز گروپ کی فیصلہ کن کامیابی فکر حامد خان کی جیت اور اصول ، انصاف و سچائی کی فتح ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں