بھارتی میڈیا نے پاکستانی ڈرامہ ’’عہد وفا‘‘کے کردار احد رضا میر کو پاک فوج کا افسر ظاہر کرمارنے کا دعویٰ کردیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)گذشتہ رات لائن آف کنٹرول کے کئی سیکٹرز پر پاک فوج اور بھارتی فوج کے مابین شدید جھڑپیں ہوئیں۔ جس کے بعد پاک فوج نے جوابی کارروائی میں مار مار کر بھارتی فوج کا بُرا حال کر دیا۔ بھارتی فائرنگ سے 4 بے گناہ شہری شہید اور12 زخمی ہوئے۔ جبکہ بھارتی فوج سےفائرنگ کےتبادلے میں پاک فوج کا بھی ایک جوان شہید اور پانچ جوان زخمی ہوئے۔پاک فوج کی جانب سے کی جانے والی جوابی کارروائی میں بھارت کے پانچ فوجی ہلاک ہوئے جس کی تصدیق بھارتی میڈیا نے بھی کی۔ لیکن اپنے بھونڈے دعووں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے بھارتی میڈیا نے 9 جون

2019ء کی ایک ویڈیو شئیر کرتے ہوئے اسے پاکستان میں بھارتی فوج کی گولہ باری قرار دیا لیکن جیسے ہی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی صارفین نے فوری طور پر نہ صرف بھارتی میڈیا کے جھوٹ کی نشاندہی کی بلکہ بے بنیاد اور جھوٹے دعوے کرنے پر بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے سینئیر ایڈیٹر نے یہ ویڈیو شئیر کی اور لکھا کہ اُڑی کے مقام پر تین بھارتی فوجیوں کے ہلاک ہونے اور تین فوجیوں کے زخمی ہونے کی بُری خبر موصول ہوئی ہے، ساتھ ہی انہوں نے شئیر کی جانے والی ویڈیو کے بارے میں بتایا کہ یہ ویڈیو بھارت کی پاکستان میں کی جانے والی جوابی کارروائی کی ہے۔تاہم سوشل میڈیا صارفین نے فوری طور پر بھارتی میڈیا کے اس دعوے کی حقیقت بیان کر دی اور بتایا کہ یہ ویڈیو 9 جون 2019ء کی ہے جب جہادیوں کی جانب سے ادلب میں القصابیہ کے مقام پر حملہ کیا گیا تھا۔ لیکن بھارتی میڈیا اسے پاکستان میں بھارتی فوج کی کارروائی کے طور پر پیش کر رہا ہے جو بھارتی میڈیا کے بے بنیاد اور جھوٹے دعووں کی عکاسی کرتا ہے۔یہی نہیں بھارتی عوام کے کچھ ٹویٹر اکاؤنٹس پر پاک فوج کے یونیفارم میں ملبوس احد رضا میر کی تصویر شئیر کر کے یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ بھارتی فوج کی جوابی کارروائی میں پاک فوج کا یہ افسر شہید ہو گیا ہے۔بھارتی عوام کے اس مضحکہ خیز دعوے پر پاکستانی ٹویٹر صارفین نے انہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں یہ بتایا کہ پاک فوج کا افسر نہیں بلکہ پاکستانی اداکار احد رضا میر ہیں جنہوں نے ڈرامہ ”عہد وفا” میں پاک فوج کے جوان کا کردار ادا کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں