’’دل چاہ رہا ہے کہ تمہارا ماتھا چوم لوں ، تمہیں گلے لگالوں‘‘وزیراعظم کا اے ایس آئی محمد بخش سے رابطہ، شاباش دی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)کشمور میں چار سالہ بچی سے زیادتی کے واقعہ پر وزیراعظم عمران خان نے سندھ پولیس کے اے ایس آئی محمد بخش سے رابطہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ملزم کی گرفتاری پر بہادری کا مظاہرہ کرنے پر اے ایس آئی محمد بخش کو شاباش دی۔ وزیراعظم عمران خان نے محمد بخش سے گفتگو میں کہا کہ دل چاہ رہا ہے تمہارا ماتھا چُوم لوں اور تمہیں گلے لگا لوں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم کو آپ کی بہادری پر فخر ہے، آپ نے پولیس کا میج مثبت کیا۔ اگلے ہفتے انسداد عصمت دری کا سخت آرڈیننس لا رہے ہیں۔ تمام خامیاں دور کر کے سخت آرڈیننس لایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کشمور زیادتی کیس میں بہادری کا مظاہرہ کرنے پر اے ایس آئی محمد بخش اور ان کی بیٹی کی تعریف کی۔کشمور واقعے میں اے ایس آئی محمد بخش برڑو کا کردار مثالی ہے جنہوں نے معصوم بچی کی بازیابی اور ملزمان کی رسائی کے لیے اپنی اہلیہ اور بیٹی کی مدد فراہم کی اور بچی کو بازیاب کروا کر ملزم کو گرفتار کروایا۔ زیر حراست مرکزی ملزم پولیس اور دیگر ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا ہے۔خیال رہے کہ چند روز قبل نوکری کا جھانسہ دیکر کراچی سے کشمور لائی گئی خاتون اور اس کی 4 سالہ بیٹی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔خاتون خیر اللہ بگٹی نامی ملزم کے چنگل سے جان چھڑا کر پولیس اسٹیشن پہنچی جہاں اے ایس آئی محمد بخش نے اپنی بیٹی کی مدد سے ملزم رفیق ملک کو گرفتار کیا اور پھر گرفتار ملزم کی نشاندہی پر 4 سالہ بچی علیشا کو ایک گھر سے بازیاب کرایا گیا۔گزشتہ روز پولیس گرفتار ملزم رفیق کو اس کے ساتھیوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کے لیے ساتھ لیکر گئی تو ساتھی کی فائرنگ سے ملزم رفیق ہلاک ہو گیا جب کہ پولیس نے اجتماعی زیادتی میں ملوث دوسرے ملزم خیراللہ بگٹی کو گرفتار کر لیا۔واضح رہے کہ کشمور میں 4 سالہ بچی سے اجتماعی زیادتی کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جس نے ہر شہری کو لرزا کر رکھ دیا ہے، کراچی کی رہائشی تبسم بی بی کو نوکری کا جھانسہ دے کر کشمور لے جایا گیا جہاں پہلے اس کے ساتھ اور پھر اس کی 4 سالہ بیٹی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں