لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ، اب بات بھارتی سفیر کو بلا کر احتجاج کرنے سے آگے نکل چکی، خدیجہ زرین

اسلام آباد (پی کے نیوز) سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کی چیئرپرسن وویمن ونگ محترمہ خدیجہ زرین نے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ کی برزور الفاظ میں مذمت کی ہے، پی کے نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وادی نیلم اور لیپہ کے مناظر دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ سے گاوں کے گاوں تباہ ہوگئے ہیں، لوگوں کی آنکھوں کے سامنے ان کے گھر بھارتی فائرنگ سے جل کر راکھ ہوگئے، پانچ سالہ عبدالحنان کو آنکھ میں گولی لگی،

کیا اس کے لبوں کی خاموشی اور چہرے کا کرب دنیا کو نظر نہیں آتا؟ محترمہ خدیجہ زرین کا کہنا تھا کہ اب بات بھارتی سفیر کو بلا کر احتجاج کرنے سے آگے نکل چکی، حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر کو عملی اقدامات اٹھانا ہونگے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کشمیری اسی طرح قسطوں میں مرتے رہیں گے؟ یا دنیا بھارتی اشتعال انگیزی کا نوٹس لے گی، انہوں نے کہا کہ اگر دنیا نے اس بربریت کا نوٹس نہ لیا تو حالات مزید خراب ہونگے اور خطہ ایٹمی جنگ کی طرف جاسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں