سعودی عرب اور یو اے ای پیسے واپس مانگ رہے ہیں، فضل الرحمن

پشاور(نیوز ڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور جے یوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور یو اے ای پیسے واپس مانگ رہے ہیں،خارجہ پالیسی تباہ ہوچکی، دونوں حکومت کے ساتھ تعاون کرنے پر پشیمان ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے بات پی ڈی ایم فورم پر ہوگی، مریم نواز اوربلاول کے بیانات میں کوئی تضاد نہیں۔ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت ناکام اور دوست ممالک کا اعتماد کھو چکی۔ پاکستان خارجہ پالیسی مکمل ناکام ہو چکی ہے۔ عوام کو نا اہل حکمرانوں سے نجات دلانا ہماری اولین ترجيح ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جو لہجہ وزیراعظم ببنے سے پہلے تھا، ویسے ہی آج ہے تو کیا خاک تبدیلی آٸے گی۔ وہ جب کوٸی بات کرتا ہے بھونگی مارتا ہے۔ ٹرمپ ٹائپ کے لوگ ہٹ رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاسی رشوت دی جارہی ہے۔ ہزاروں بوریاں گندم پر عمران خان کی تصاویر آویزں کرکے تقسيم کی جارہی ہیں۔ اس کے ساتھ سرکاری ملازمین کے ووٹوں میں بڑے پیمانے پر ہیرا پیری کی گئی۔ دن دیہاڑے ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔ وہاں کے انتخابات الیکشن کمیشن اور خفیہ ایجنیسوں کا امتحان ہے۔ 2018 کے الیکشن کا دھبہ ایجنسی پر ابھی تک دھلا نہیں۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس وقار سیٹھ کی وفات پر دل کی گہرائی سے اظہار تعزیت کرتا ہوں ، اسی طرح ڈی آئی خان میں نہر میں ڈوبنے سے 24 لوگ انتقال کرگئے ہیں، یہ بڑا سانحہ ہے، اللہ سے دعا ہے کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستا ن میں جو الیکشن ہورہے ہیں اور ننگے انداز کے ساتھ پری پول دھاندلی ہورہی ہے اور الیکشن کمیشن بے بس ہے، وفاقی وزراء انتخابی مہم چلا رہے ہیں ، انتخابی قواعدوضوابط کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں، ہزاروں گندم کی بوریاں جن پر عمران خان کی تصاویر لگی ہوئی ہیں، آٹا تقسیم کیا جارہا ہے۔حماقت یہ ہے کہ ایک امیدوار کو باقاعدہ تحریری طور پر نوٹس دیا جاتا ہے آپ آئندہ میرے مشیر ہوں گے۔ یہ عوام کے ووٹ پر دن دیہاڑے ڈاکہ ہے۔ ایک حلقے میں کل سرکاری ووٹ سات سو ہیں، لیکن پوسٹل بیلٹ ایک ہزار 751جاری کیے گئے ہیں۔

حقیقت یہ ہے کہ وہاں عوام ، الیکشن کمیشن کا امتحان ہے، وہ کس طرح ان حربوں کو روکتے ہیں،ہماری ایجنسیوں کا اعتماد خراب ہوچکا ہے، ابھی وہ 2018کے انتخابات کا دھبہ نہیں دھو سکے، اب ا ن کے سامنے یہ سب کچھ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کو سبز باغ دکھائے لیکن عوام کو جہنم کی طرف دھکیل دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں