ڈیل ہوچکی اب نوازشریف کوئٹہ جیسی تقریر کبھی نہیں کریں گے

لاہور (نیوز ڈیسک) جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنماء حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ ڈیل ہوچکی اب نوازشریف کوئٹہ جیسی تقریر کبھی نہیں کریں گے، چیلنج کرتا ہوں نوازشریف ہمت کرکے جنرل باجوہ اور جنرل فیض کا نام لے کر دکھائیں، زیادہ بار نہیں صرف چند بار ہی نام لے کر دکھا دیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میاں نواز شریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ سوات میں جنرل باجوہ اور جنرل فیض کے نام ہمت کرکے لیں اور کوئٹہ والی تقریر کرکے دکھائیں زیادہ نہیں چند بار ہی نام لیکر دکھائیں، لیکن وہ اب کوئٹہ جلسے جیسی تقریر نہیں کرسکتے کیوں کہ ان کی ڈیل ہوچکی ہے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کراچی واقعے کی رپورٹ ایک مرتبہ پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند لوگوں کی لاقانونیت اور آئین شکنی کا الزام پوری فوج کو نہیں دے سکتا۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے سوات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ کچھ عرصے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے، ایک طرف تعمیر و ترقی کا سلسلہ رک گیا ہے جس کی بنیاد مسلم لیگ (ن) نے ڈالی تھی دوسری طرف مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی غربت نے جینا محال کردیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ ہماری حکومت نے عوام کے لیے بہت کچھ کیا، جب ترقی کے کام ہوتے ہیں تو روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں، خوش حالی آتی ہے، کسان کی حالت بہتر ہوتی ہے جو ہم نے کرکے دکھایا۔ان کا کہنا تھا کہ جب ہم حکومت میں آئے تھے تو لوگ 20 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کررہے تھے اور ہر طرف دہشت گردی ہی دہشت گردی تھی لیکن اللہ کا شکر ہے جب ہماری حکومت ختم ہوئی تو ہم نے ان بحرانوں پر قابو پا لیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ‘موجودہ حکومت نے ہر اعتبار سے تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے، مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، لوگ سبزی اور دال بھی نہیں کھا سکتے ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘آج روٹی 20 روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ ہمارے دور میں 5 روپے کی روٹی تھی، چینی اب 110 روپے کی ہوگئی جو ہمارے دور میں لگ بھگ 50 روپے تھی’۔حکومتی اقدامات پر تنقید

کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘ادویہ بھی لوگوں کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں اور لوگوں کو فیصلہ کرنا پڑتا ہے کہ روٹی خریدیں یا دوا خریدیں یا پھر بچوں کے اسکول کی فیس ادا کریں یا ان کے کتابیں خریدیں’۔انہوں نے کہا کہ ‘بجلی اور گیس کی قیمتیں اتنی زیادہ بڑھ گئی ہیں اور روپیہ خطے میں سب سے کمزور ہوگیا ہے، افغانستان میں 40 سال کی جنگی تباہ کاریوں کے باوجود ان کی کرنسی روپیہ سے بہتر ہے’۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ‘یہ سب اس لیے کہ ایک نااہل، بدعنوان اور کٹھ پتلی ٹولہ مسلط کر دیا گیا ہے جو عوام کو نہیں بلکہ کسی اور کو جواب دہ ہے، اس کو عوام کی نہیں بلکہ کسی اور کی خوشنودی چاہیے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘مسلم لیگ (ن) کی فتح کو شکست میں بدلنے اور اپنے لاڈلے کو اقتدار میں لانے کے لیے اس ملک میں جو کچھ ہوا ہے، وہ قوم کا بچہ بچہ جانتا ہے’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں