ملک بھر میں دوبارہ لاک ڈائون لگانے کی تیاریاں ، تاجر برادری نے اپنا فیصلہ سنادیا

لاہور (نیوز ڈیسک)کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور تیزی سے پھیلاؤ کی خبروں کے بعد حکومتی بیانات میں دوبارہ لاک ڈاؤن کا عندیہ مل رہا تھا۔ تاہم آل پاکستان انجمن تاجران نے لاک ڈاؤن کا حکومتی فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آل پاکستان انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے ملک بھر سے آئے تاجر قائدین نے کورونا کی موجودہ لہر اور ممکنہ لاک ڈاؤن کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں ایک پریس کانفرنس کی۔جس میں آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے تبدیلی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کورونا کو

سیاسی اور مالی فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ کورونا کو بہانہ بنا کر تاجروں اور اپوزیشن کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا کا بہانہ بناکر پی ڈی ایم کے جلسوں کو روکنے کا جواز پیدا کیا جارہا ہے اور تاجروں کی دکانیں بند کی جارہی ہیں، حکومت کورونا کے نام پر بیرون ملک سے لیے گئے ڈالروں کاحساب دے۔صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم صاحب ! آپ کی نکمی، نااہل ٹیم معیشت کو کیوں نہیں چلاسکتی، اپوزیشن سے انتقام لیں، تاجروں سے کس بات کا انتقام لے رہے ہیں؟ پریس کانفرنس میں مرکزی صدر اجمل بلوچ، صدر میاں خلیل عبیر، حافظ رضوان بٹ، فاروق حفیظ، صدر مال روڈ سہیل محمود بٹ سمیت چاروں صوبوں سے آئے تاجر رہنما شریک ہوئے۔ جبکہ گذشتہ روز صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کاشف مرزا نے بھی اسکولز بند کرنے کی حکومتی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے واضح اعلان کیا تھا کہ اب اسکولز دوبارہ بند نہیں ہوں گے۔خیال رہے کہ دنیا بھر کو متاثر کرنے والا وبائی مرض کورونا پاکستان میں ایک مرتبہ پھر سے آؤٹ آف کنٹرول ہو گیا ہے۔ کورونا وائرس سے 37 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 92 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 52 ہزار 296 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 304 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں