پولیس نے کیپٹن(ر)صفدر کیخلاف مزار قائدبے حرمتی کیس جھوٹا قرار دیدیا

کراچی (نیوز ڈیسک) پولیس نے مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا کیس جھوٹا قرار دے دیا۔سٹی کورٹ میں مزار قائد بے حرمتی کیس کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے تفتیش کے بعد مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا کیس جھوٹا قرار دے دیا۔پولیس نے استغاثہ کے اعتراضات دور کرکے حتمی چالان جمع کروادیا اور مقدمے سے املاک کو نقصان پہنچانے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات خارج کردیے۔ محکمہ پراسیکیوشن نے پولیس چالان سے اتفاق کرتے چالان کو بی کلاس کردیا۔چالان کے مطابق مریم نواز کی مزار قائد حاضری کے

وقت مزار عام شہریوں کے لئے بند تھا، مزار قائد کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی مدعی مقدمہ موجود نہیں ہے، کال ڈیٹا ریکارڈ کے مطابق مدعی مقدمہ واقعے کے وقت مزار قائد پر موجود نہیں تھا۔استغاثہ نے اسکروٹنی نوٹ میں کہا کہ مزار قائد سیفٹی اینڈ مینٹیننس آرڈننس ہمارے دائرے اختیار میں نہیں آتا، اگر ایس ایچ او چاہے مزار قائد آرڈننس کے لئے براہ راست علیحدہ کیس داخل کرسکتا ہے۔دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر گلگت کی انتخابی مہم چھوڑ کر لاہور پہنچ گئے جہاں وہ شریف میڈیکل سٹی میں زیر علاج ہیں۔اطلاعات کے مطابق وائرس کی وجہ سے ان کے پھیپھڑے متاثر ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے قبل پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ گلگلت کی انتخابی مہم چھوڑ کر اسلام آباد پہنچ گئے جہاں انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں