بوفے پر پابندی عائد، شادی ہالزکیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری کردی گئیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) این سی او سی کی جانب سے کورونا سے متاثرہ 16شہروں کیلئے اضافی گائیڈلائنز جاری کر دی گئیں ،نئی ہیلتھ گائیڈ لائینز کا اطلاق 20 نومبر سے متاثرہ شہروں کے شادی ہالز میں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے دوران شادی کی تقریبات کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردی گئیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گائیڈ لائنز کا نفاذ 20 نومبر سے مخصوص شہروں اور شہری علاقوں میں ہوگا۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ پنجاب کے 7، سندھ کے 2 اور بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کے ایک ایک شہر میں شادی گائیڈ لائنز نافذ ہوں گی۔ ان شہروں میں لاہور، راولپنڈی،

اسلام آباد، ملتان، گوجرانوالہ، گجرات، بہاولپور، فیصل آباد، کراچی و حیدر آباد کے شہری علاقوں، گلگت، مظفر آباد، پشاور اور سوات شامل ہیں۔این سی او سی کی تیار کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق تقریب کا انعقاد اور جگہ کا انتخاب لوکل ہیلتھ اتھارٹی کی مشاورت سے ہوگا، شادی کی ان ڈور تقریب پر پابندی عائد کردی گئی ہے صرف آؤٹ ڈور کی اجازت ہوگی۔این سی او سی کے مطابق مرکیز میں شادی کی تقریب کے انعقاد کی اجازت نہیں ہوگی، شادی کی آؤٹ ڈور تقرہب میں کنوپی ٹینٹ کا استعمال بھی ممنوع ہوگا۔ آؤٹ ڈور شادی کی تقریب میں ایک ہزار مہمان شرکت کرسکیں گے۔گائیڈ لائنز کے مطابق شادی کی تقریب میں شرکا کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا ہوگا، تقریب کا میزبان کرونا ایس او پیز پر عمل کا ذمے دار ہوگا، تقریب کا دورانیہ صرف 2 گھنٹے ہوگا اور رات 10 بجے تک تقریب ختم کرنی ہوگی۔گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ تقریب کے ہر مہمان کے لیے ماسک پہننا لازم ہوگا، ہر مہمان کو ماسک اور سینی ٹائزر فراہم کرنا میزبان کی ذمہ داری ہوگی۔ شادی کی تقریب میں کاغذ والا تولیہ اور جراثیم کش دواؤں کا استعمال ہوگا۔تقریبات میں شامل گاڑیوں کی ڈس انفیکشن کروانا لازم ہوگا، تقریب میں استعمال سے قبل کیمرہ اور فون بھی ڈس انفیکٹ کروانا ہوگا، تقریب میں کارپٹس اور میٹس کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، تقریب میں شریک ہر فرد کا بخار چیک کرنا لازم ہوگا۔این سی او سی کے مطابق تقریب میں بوفے ڈنر یا لنچ کی اجازت نہیں ہوگی، صرف لنچ باکس یا ٹیبل سروس کی اجازت ہوگی۔ ولیمے کی تقریب میں مہمانوں کے

لیے فوڈ باکسز کا استعمال کیا جائے گا۔ ولیمے میں مہمانوں کو ٹیبل پر کھانا دینے کی اجازت ہوگی۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ تقریب میں مصافحہ اور گلے ملنے پر پابندی ہوگی، ایک ہزار مہمانوں کی تقریب 36 ہزار مربع فٹ جگہ پر ہوگی، 250 مہمانوں کی تقریب 9 ہزار مربع فٹ اور 100 مہمانوں کی تقریب 3600 مربع فٹ جگہ پر ہوگی، تقریب میں ہر فرد مربع 6 فٹ رقبے میں بیٹھے گا۔گائیڈ لائنز کے تحت شادی کی تقریب میں 4 فٹ والی گول میز کے گرد صرف ایک فرد بیٹھے گا، 5 فٹ والی گول میز کے گرد 2 افراد اور 7 فٹ والی گول میز کے گرد 3 افراد بیٹھ سکیں گے۔شادی کے مہمانوں کے نام اور رابطوں کی تفصیلات محفوظ رکھنا ہوں گی، ایونٹ مینیجر مہمانوں کی تفصیلات 15 دن تک محفوظ رکھے گا، مینیجر بوقت ضرورت ہیلتھ اتھارٹی کو مہمانوں کی تفصیلات فراہم کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں