رحمت العالمینﷺ کے نام کو ذاتی بدلےکیلئے استعمال کرنا سب سے بڑی توہین ہے،فوادچوہدری

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سب سے بڑی توہین یہ ہے کہ رحمت العالمینﷺ کے نام کو ذاتی بدلے کے لیے استعمال کیا جائے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’’سب سے بڑی توہین یہ ہے کہ رحمت العالمینﷺ کے نام کو ذاتی بدلے کیلئے اس طرح استعمال کیا جائے، قائد آباد میں ظلم ہوا ہے ریاست کا فرض ہے ایسے مقدمات میں ملوث مجرموں کو مثال بنائے تا کہ کوئی ایسی حرکت کی جراَت نہ کرے‘‘ ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے مجرموں کو مثالی سزا ملنی چاہیے جس کے بعد

کوئی اور ایسی حرکت نہ کر سکے ۔ واضح رہے کہ خوشاب میں ایک بینک میں سیکورٹی گارڈ کی جانب سے مینیجر پر حملہ کیے جانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔پولیس کی جانب سے بتایا گیاتھا کہ مینجر کو گولی مارنے والا گارڈ گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ مینیجر کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔اس حوالے سے برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیاتھا کہ گارڈ نے توہین مذہب کے الزام پر مینجر کو قتل کیا ہے۔ تاہم بینک کے ایک ملازم نے بتایا ہے کہ مینیجر پر لگایا گیا الزام غلط ہے۔ وہ کئی سالوں سے مینیجر کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور انہیں اچھی طرح جانتے ہیں۔ مینیجر نے کبھی بھی دوران ڈیوٹی مذہبی یا مسلک سے متعلق کوئی بحث کی اور نہ ہی کسی کو قائل کرنے کی کوشش کی۔جبکہ مینیجر کا رویہ بھی مناسب تھا۔ بینک ملازم کے مطابق عین ممکن ہے کہ گارڈ نے کسی ذاتی رنجش پر مینیجر کو قتل کیا۔یاد رہے کہ آج خوشاب میں مقتول بینک منیجر کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ مقتول بے گناہ تھا اور گارڈ نے ذاتی رنجش کی بنا پر اسے قتل کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں