ووٹوں کی گنتی بند کردی جائے، شکست کے دہانے پر پہنچنے کے بعد ٹرمپ کا مطالبہ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدارتی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ گنتی روک دو ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’’ گنتی روک دو‘‘۔اس سے قبل اپنے ایک ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ رات کئی اہم ریاستوں میں مجھے جو بائیڈن پر برتری حاصل تھی، جیسے ہی پوسٹل بیلٹ کی گنتی شروع ہوئی تو نتائج بدلنا شروع ہوگئے، جادوئی طور پر میرے ووٹ کم اور جو بائیڈن کے ووٹ بڑھنا شروع ہو گئے ، انتخابی ماہرین نے بھی اس بات کو مکمل طورپر حیرت انگیز قرار دیا ہے۔

ایک اور ٹوئٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ یہ جب بھی پوسٹل بیلٹ کی گنتی کرتے ہیں تو ڈیموکریٹس کی ووٹوں میں حد سے زیادہ اضافہ ہو جاتا ہے ۔امریکی صدارتی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، اس سے قبل امریکی صدر نے الیکشن کے نتائج چیلنج کرنے کے لیے عدالت جانے کا بھی اعلان کیا تھا ۔امریکی صدارتی انتخاب جیسے جیسے فیصلہ کن مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے، ویسے ویسے سنسنی خیزی میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار جو بائیڈن اپنی فتح سے صرف چھ الیکٹورل ووٹس کی دوری پر ہیں۔ اگر ان کی پارٹی صرف نیواڈا سے جیتنے میں بھی کامیاب ہوگئی تو وہاں کے چھ الیکٹورل ووٹس کے ساتھ بائیڈن بھی حتمی طور پر فاتح قرار پائیں گے۔اس وقت جبکہ صرف چند ریاستوں کے حتمی انتخابی نتائج آنے سے رہ گئے ہیں، تقریباً 14 کروڑ ووٹوں کی گنتی مکمل ہوچکی ہے جو خود امریکی تاریخ میں صدارتی انتخاب کے دوران ڈالے گئے ووٹوں کی سب سے زیادہ تعداد بھی ہے۔واضح رہے کہ امریکا میں ووٹروں کی مجموعی تعداد 24 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔ 2016 کے صدارتی انتخاب میں، جس کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر بنے تھے، 59.2 فیصد امریکی ووٹروں نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا تھا۔ اب تک کی گنتی کے مطابق یہ شرح 60 فیصد کے قریب پہنچ رہی ہے اور بعض سیاسی مبصرین نے یہاں تک پیش گوئی کردی ہے کہ یہ شرح 65 فیصد یا اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔موجودہ صورتِ حال یہ ہے کہ اب ووٹوں کی گنتی بھی اختتامی مرحلے پر داخل

ہوچکی ہے اور امید ہے کہ اگلے چند گھنٹوں کے دوران تمام ریاستوں سے مکمل، حتمی لیکن غیر سرکاری نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔ فی الحال 538 الیکٹورل ووٹس میں سے 264 الیکٹورل ووٹس حاصل کرنے کے بعد ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن فیصلہ کن فتح کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ امریکا میں صدارتی امیدوار کی حتمی فتح کےلیے ضروری ہوتا ہے کہ وہ 270 یا زیادہ الیکٹورل ووٹس حاصل کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں