مریم نواز کا گلگت میں جلسے سے خطاب، لوگوں کو اشتعال دلانے لگیں

اسکردو(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو پارٹی چھوڑ جائیں، دباؤ میں آجائیں اور بھروسہ توڑ دیں ان کا گھیراؤ کیا جائے، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن) کے 16 میں 8-9 امیدواروں کو توڑا جاچکا ہے۔گلگت بلتستان کے علاقے گمبہ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست بدل گئی ہے جو افراد مشکل حالات میں اپنی پارٹی کے ساتھ کھڑے رہیں، اپنی وفاداری کو بیچیں نہیں ووٹ کا حق صرف ان کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے گلگت بلتستان میں 16امیدوار تھے جن میں سے 8-9 کو انہوں نے توڑ لیا ہے لیکن جو تھوڑا دباؤ برداشت نہ کرسکے، اپنے حق کے لیے کھڑا نہ ہوسکے وہ عوام کے حق کے لیے کھڑا نہیں ہوسکتا۔اسکردومیں جلسہ عام سے خطاب کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں عوام کی آوازبن کر یہاں آئی ہوں، آپ کا ہر مسئلہ حل کرنے کی کوشش کروں گی، پاکستان کی سیاست اب بدل گئی، عوام کے نمائندے مار کھاتے ہیں لیکن خدمت سے پیچھے نہیں ہٹتے، ووٹ کا حق صرف ان کا ہے جو لوگ پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے، حکومت کون بنائے یا گرائے گا اس کا اختیار کسی ادارے یا شخص کو نہیں صرف عوام کو ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایک جعلی وزیراعظم صوبہ گلگت بلتستان کا اعلان کرکے چلے گئے، گلگت بلتستان پرجب میٹنگ ہورہی تھی وزیراعظم ساتھ والے کمرے میں بیٹھے تھے، جعلی وزیراعظم جھوٹے وعدے کرتا آیا ہے، کیا 50 لاکھ گھربنانے کا وعدہ پورا ہوا یا 9 دن میں ملک ٹھیک ہوا؟ لوگ پریشان اور حکومت سے تنگ آچکے ہیں، جعلی وزیراعظم کو یہ نہیں معلوم کہ عوام کس طرح بھوک سے مررہے ہیں۔ یہ وزیراعظم نوکری کررہا ہے اس کو اپنے حق کا بھی نہیں پتا،جو انسان اپنی عزت کی پرواہ نہیں کرتا وہ آپ کی عزت کا کیا خیال کرے گا۔(ن) لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ منہ پرہاتھ پھیرنے والوں کی پریشانی بلاوجہ نہیں ہے، عمران خان جانے والے ہیں، ان کو گھر بھیجنا ہوگا، گلگت بلتستان سے موجودہ حکومت کا صفایا کرنا ہے، ووٹ چوروں کے آگے سر نہیں

جھکائیں گے، منہ پر ہاتھ پھیر کر دھمکیاں دینے والا اب جانے والا ہے، ووٹ چوری کی کوشش کی تو تمہارا تماشا پوری دنیا دیکھے گی۔ پاک فوج کی دل سے قدر کرتے ہیں، پاک فوج کی جگہ سرحدوں پر ہے پولنگ اسٹیشنوں پر نہیں۔واضح رہے کہ مریم نواز گلگت بلتستا کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں آج پہنچی ہیں، ان کے ہمراہ شوہر کیپٹن (ر) صفدر، سینئرپارٹی رہنما پرویزرشید، نہال ہاشمی اورترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب بھی ہیں، مریم نواز اور دیگر لیگی رہنما 7 روزہ الیکشن مہم کے دوران گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں انتخابی جلسوں اور پارٹی میٹنگز میں شرکت کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں