عمان نے سمندر میں خراب ہونیوالی پاکستانی کشتی اور عملے کو ڈوبنے سے بچالیا

مسقط(مانیٹرنگ ڈیسک)عمان اور پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں دونوں ممالک کے درمیان اسلامی اخوت کا رشتہ بھی قائم ہے۔ مشکل اور ضرورت کے مواقع پر دونوں ممالک ایک دوسرے کی مدد کرنے میں پیش پیش رہتے ہیں۔ عمان میں مقیم ہزاروں پاکستانی روزگار کما رہے ہیں جنہیں ان کی محنت اور لگن کی وجہ سے بہت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔عمانی بھائیوں نے ایک بار پھر اپنے پاکستانی بھائیوں کی بروقت مدد کر کے ثابت کر دیا کہ عمان پاکستان کا سچا دوست ہے۔عمانی میڈیا کے مطابق عمانی بحریہ نے بروقت کارروائی کر کے ایک پاکستانی کشتی اور اس میں سوار افراد کو ڈوبنے سے بچا لیا ہے۔

ٹائمز آف اومان کے مطابق پاکستانی افراد ایک چھوٹی کشتی میں سمندر کا سفر کر رہے تھے جب اچانک ان کی کشتی کا انجن تکنیکی خرابی کا شکار ہو کر بند ہو گیا اور وہ کھُلے سمندر میں خشکی سے کئی میل دُور پھنس کر رہ گئے۔ان بے یار و مددگار سمندری مسافروں کی موت یقینی ہو چکی تھی تاہم عمانی بحریہ نے ہنگامی طور پر کارروائی کرتے ہوئے ان افراد کی زندگیاں بچا لیں۔ جس وقت پاکستانی افراد کی کشتی کا انجن خراب ہو کر بند ہوا، اس وقت وہ عمانی دارالحکومت مسقط کے ساحل سے 50 ناٹیکل میل دُور تھے۔ تاہم عمانی بحریہ فوری طور پر حرکت میں آئی۔ پاکستانی افراد کو بچانے کا یہ آپریشن عمانی میری ٹائم سیکیورٹی سنٹر اور عمان رائل ایئر فورس کے سرچ اینڈ ریسکیو سنٹر کی مشترکہ کوشش کے نتیجے میں کیا گیا۔عمانی رائل نیوی نے پاکستانی کشتی کو تلاش کر کے اس تک پہنچنے کے بعد پاکستانی افراد کو خوراک اور دیگر ضرورت کا سامان مہیا کیا۔ جس کے بعد اس کشتی کو عمانی بحریہ کے جہاز کے ساتھ باندھ کر پاکستانی عملے سمیت مسقط کی سلطان قابوس بندرگاہ پہنچا دیا گیا۔ پاکستانی افراد نے اپنی جانیں بچانے پر عمانی حکومت کا بہت شکریہ ادا کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں