ایاز صادق کےخلاف غداری کا مقدمہ ہوا تو کون کون سے راز افشاں کروں گا، راناثنا اللہ نے حکومت کو خبردار کردیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ خان نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر ایاز صادق کے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کیا تو بطور گواہ اس اجلاس کی ساری روداد عوام کے سامنے پیش کردوں گا۔لاہور میں پارٹی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے پارٹی رہنماؤں کے خلاف سیاسی مقدمات پر نوٹس لینے کی درخواست کی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمارے سیاسی مقدمات پر چیف جسٹس آف پاکستان نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کوئی مقدس ادارہ نہیں اس کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔

رانا ثنااللہ نے مینار پاکستان پر ہونے والے جلسہ کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جلسہ حکمرانوں کو بہا کر لے جائے گا۔مسلم لیگ (ن) کے قائد کی واپسی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف اپنی بیماری اور حکمران ٹولے کاعلاج کررہے ہیں دونوں علاج مکمل ہونے کے بعد وطن واپس آئیں گے،انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جماعتیں دس لاکھ سے زائد شرکا کو اسلام آباد میں ضرور جمع کریں گی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم کسی کو غدار قرار دیتے ہیں نہ ہی کسی کی حب الوطنی پر شک کرتے ہیں لیکن ان الزامات کا جواب گھٹیا زبان میں نہیں دے سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ 120 عدالتیں اپوزیشن کو دبانے کے لیے قائم کی جائیں گی۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جس طرح وزیر اعظم عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت سے بری ہوئے اسی طرح لیگی قیادت کے خلاف بھی مقدمات واپس لیے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) نے پی ڈی ایم لاہور جلسے کے لیے 13 مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں۔دوسری جانب مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناءاللہ کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کرلیا۔ذرائع کے مطابق رانا ثنا اللہ کو 10نومبر کو دوپہر 2بجے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے،نیب کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم رانا ثناءاللہ سے تحقیقات کرے گی۔ذرائع کے مطابق رانا ثناء اللہ کو تمام متعلقہ ریکارڈ اپنے ہمراہ لانے کی ہدایات کی گئی ہیں،اس سے قبل رانا ثناءاللہ 10ستمبر کو نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے روبرو پیش ہوئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے گذشتہ طلبی پر نامکمل دستاویزات فراہم کی تھیں۔نیب لاہور میں رانا ثناء اللہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزامات پر تحقیقات جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں