اپوزیشن اتحادمیں پھوٹ پڑنے لگی، فضل الرحمن کی پارٹی نے سوالات اٹھادیئے

لاہور(نیوز ڈیسک) جمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی رہنماء حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کو نوازشریف اور ایازصادق نے ہائی جیک کرلیا ہے، پی ڈی ایم عمران خان کی حکومت کیخلاف تشکیل دی گئی تھی، پی ڈی ایم کی تحریک کا مقصد مڈٹرم الیکشن، جمہوریت اور آئین کی بحالی تھا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کیلئے پی ڈی ایم عمران خان کی حکومت کیخلاف تشکیل دی گئی تھی۔لیکن پی ڈی ایم کو نوازشریف اور ایاز صادق کی مبینہ تقاریر نے ہائی جیک کرلیا ہے۔ پی ڈی ایم میں شامل باقی 10 پارٹیوں کے لیے نوازشریف اور ایاز صادق کی تقاریر لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مڈٹرم الیکشن ، جمہوریت اور آئین کی بحالی کیلئے بنائی گئی تھی۔لیکن اس کے برعکس سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے ووٹ کو عزت دو اور آئین و قانون کی پاسداری والے بیانیئے کو مکمل سپورٹ کررہے ہیں۔اسی طرح پی ڈی ایم کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے بھی وہ ہر جگہ پر اتحاد میں شامل جماعتوں کے رہنماؤں کے خلاف حکومتی انتقامی کاروائیوں کا بھی بھرپور جواب دیتے ہیں۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف، مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر آصف زرداری تینوں حکومت مخالف تحریک میں ایک پیج پر ہیں۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فورم پر جو بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں یا پھر تقاریر کی جاتی ہیں، ان پر دوسری جماعتوں کی مشاورت بھی شامل ہوتی ہے۔دوسری جانب حکومت گرانے کیلئے بنائے گئے اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس 8 نومبر کو طلب کرلیا ہے۔ پی ڈی ایم کا اجلاس اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن ) کے سینٹرل سیکرٹریٹ میں دوپہر دو بجے ہوگا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ڈی ایم کی دیگر تمام جماعتوں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے،اجلاس میں حکومت مخالف تحریک مزید موثر بنانے کے لیے حکمت عملی پر غور ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں