جنرل قمر باجوہ کی یقین دہانی کے باوجودآئی جی سندھ کے اغواء کی انکوائری کے نتائج تاحال سامنے نہیں آسکے،نواز شریف

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کے اغواء کی انکوائری کے نتائج تاحال سامنے نہیں آسکے، جنرل باجوہ نے انکوائری کے نتائج سامنے لانے کی ذاتی یقین دہانی کروائی تھی، کیا قوم کو اس تاخیر کی وجہ جاننے کا حق ہے؟ انہوں نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی سندھ کے اغواء اور مریم نواز کے کمرے کا دروازہ توڑنے کے واقعے کی انکوائری کے نتائج جنرل باجوہ کی ذاتی یقین دہانی کے باوجود اب تک قوم کے سامنے نہیں آسکے۔

انہوں نے کہا کہ کیا قوم کو اس تاخیر کی وجہ جاننے کا حق ہے؟ یہ مسئلہ اتنا پیچیدہ تو نہیں کہ اس پر چند گھنٹوں سے زیادہ وقت درکار ہوتا۔یاد رہے کراچی واقعے کے کے بعد آئی جی پولیس سندھ اور ایڈیشنل آئی جی سے لے کر ڈی جی آئی جی رینک کے تمام افسران چھٹیوں کی درخواست دے دی تھی۔ پولیس افسران کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کے کام میں بے جا مداخلت کی گئی ہے۔کیپٹن ر صفدر کی ایف آئی آر کے واقعے میں پولیس افسران کو بےعزت کیا گیا۔ دباؤ کے اس ماحول میں پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی مشکل ہے۔ اس دباؤ سے نکلنے کیلئے چھٹیوں پر جا رہے ہیں۔ لیکن اس پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوٹس لیا اور کورکمانڈرز کراچی کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ اسی طرح سندھ حکومت نے بھی ایک کمیٹی قائم کی تھی۔ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔سندھ حکومت کی قائم کردہ تحقیقاتی کمیٹی کو آئی جی کے اغوا کے شواہد مل گئے۔ کمیٹی نے ہوٹل سے لے کر تھانے تک کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔ سندھ حکومت نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے وزراء پر مبنی ٹیم تشکیل دی ہے جس کی سربراہی سعید غنی کر رہے ہیں کہ جبکہ مرتضی وہاب اور ناصر حسین شاہ کمیٹی میں شامل ہیں۔ کمیٹی ایک ماہ کے اندر تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ سندھ اسمبلی میں پیش کرے گی۔ وزراء کی کمیٹی منگل سے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ہوٹل سے لے کر تھانے تک جس روٹ سے کیپٹن (ر) صفدر کو لے جایا گیا اس راستے پر لگے تمام کیمروں کی پل پل کی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں