ایاز صادق کیخلاف بینرز لگنے پرن لیگ کا شدید ردعمل سامنے آگیا

لاہور (نیوز ڈیسک)سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے خلاف لگنے والے بینرز کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمیں علم ہے پینافلیکس اور بینرز کہاں تیار کروائے گئے ، سیاسی اختلاف میں آپ تمام حدیں پھلانگ رہے ہیں۔سابق وزیر ریلوے نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ مفت مشورہ ہے کہ اب بھی وقت ہے باز آجائیں ، اور اپنے گھر کو نفرت، انتقام اوردشمنی کی آگ میں جلا کر بھسم نہ کریں۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں دیے گئے متنازع بیان کے معاملے پر لاہور کی سڑکوں پر سردار ایاز صادق کے خلاف بینرز اور ہورڈنگ

آویزاں کر دیے گئے۔قومی اسمبلی میں دیے گئے بیان پر سردار ایاز صادق کو حکومتی اراکین کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف ایک شہری نے مقدمے کے لیے درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ سردار ایاز صادق کا معاملہ معافی سے آگے جا چکا ہے اور انہیں اس کی سزا ملنی چاہیے۔وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے بھی ایاز صادق پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ ریاستی اداروں کے خلاف بات کر رہے ہیں انہیں بھارت چلے جانا چاہیے۔اب لاہور کی سڑکوں پر بھی ایاز صادق کے خلاف نعرے بازی والے بینرز اور پوسٹرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں