ایاز صادق کا غیر ذمہ دارانہ بیان ، آرمی چیف کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد افواج پاکستان کا سخت ردعمل

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) گذشتہ روز قومی اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے بھارتی پائلٹ ابھینندن کے حوالے سے کچھ متنازع باتیں کیں،ایاز صادق نے کہا کہ ابھینندن کو بھارت واپس بھیجنے پر حکومت نے گھٹنے ٹیک دئیے۔شاہ محمود پسینے میں شرابور تھے اور ان کی ٹانگیں کانپ رہی تھیں۔ایاز صادق نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت حملہ کر دے گا لہذا ابھینندن کو واپس جانے دیں۔لیگی رہنما کے بیان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سخت ردعمل دیا گیا۔جب کہ سینئر صحافیوں نے بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قومی رازوں سے پردہ نہیں اٹھانا چاہئیے تھا۔

ایاز صادق کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر افواجِ پاکستان کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابرافتخار نے کہا ہے کہ ابھینندن کی رہائی کرکے پاکستان نے ذمہ دار ریاست کا ثبوت دیا،لیکن کل قومی سلامتی سے متعلق معاملات کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کی گئی، پلوامہ واقعہ کے بعد ہندوستان نے تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی اور منہ کی کھانی پڑی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے شاہینوں کو دیکھتے ہی بد حواسی میں خالی پہاڑوں پر پھینک کر بھاگ گئے، اس کے جواب میں افواجِ پاکستان نے قوم کے عزم و حمیت کے عین مطابق دشمن کو سبق سیکھانے کا فیصلہ کیا، اس فیصلے میں پاکستان کی تمام سول ملٹری قیادت یکجا تھی، دشمن اتنا خوفزدہ ہوا کہ بد حواسی میں اپنے ہی ہیلی کاپٹر اور جوانوں کو مار گرایا، اِس کامیابی سے نہ صرف ہندوستان کی کھوکھلی قوت کی قلعی دنیا کے سامنے کھلی بلکہ پوری پاکستان قوم کا سر فخر سے بْلند ہوا اور مسلح افواج سرخرو ہوئیں۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان نے اعلانیہ دن کی روشنی میں بھارت کو جواب دیا، پاک فوج نے 2 بھارتی طیارے مار گرائے اور پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا، حکومت پاکستان نے ذمہ دار ریاست ہوتے ہوئے امن کو ایک اور موقع دیا، ابھی نندن کو جنیوا کنونشن کے تحت رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس فیصلے کو پوری دنیا نے سراہا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ابھی نندن کی رہائی کو کسی اور چیز سے جوڑنا افسوسناک ہے، یہ چیز کسی بھی پاکستانی کیلئے قابل قبول نہیں،

کل ایسا بیان دیا گیا جس میں قومی سلامتی کی تاریخ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی، ایسے منفی بیانیے کے قومی سلامتی پر براہ راست اثرات ہوتے ہیں، یہ بیانیہ بھارت کی ہزیمت کو کم کرنے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے، جس کا دشمن بھرپور فائدہ اٹھا رہاہے اور اس کی جھلک آج بھارتی میڈیا پر دیکھی جا سکتی ہے، ان حالات میں جب دشمن قوتیں پاکستان پر ہائبرڈ وار مسلط کر چکی ہیں۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ذمہ داری سے آگے بڑھنا ہوگا، قوم کی مدد سے پاکستان کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے، افواج پاکستان خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں جب کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ فوج میں ہر سطح پر سیاسی بیانات پر سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے، ادارے کا سربراہ اور تمام رینکس ایک ہی چیز ہے، جب کسی ادارے کے سربراہ کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو اس کا مطلب پوری فوج کو نشانہ بناناہے۔ترجمان پاک فوج نے محمد زبیر کے بیان پر کہا کہ سچ صرف ایک مرتبہ بولا جاتا ہے، سچ بار بار نہیں بولاجاتا اور جو ہم نے بولا ہے وہ آن ریکارڈ ہے، سابق گورنر محمد زبیر کا دعویٰ غلط ہے، آدھا سچ نہیں بطور ترجمان پاک فوج پورا سچ بتایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں