یوم سیاہ ، کشمیری رہنما خولہ خان کی جانب سے پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد (پی کے نیوز) ستائیس اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر کشمیری رہنما خولہ خان کی جانب سے نیشنل پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں بڑی تعداد میں سیاسی رہنماوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی، مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر غاصبانہ بھارتی قبضے کیخلاف نعرے درج تھے، مظاہرین نے یوم سیاہ کی مناسبت سے سیاہ جھنڈے بھی اٹھا رکھے تھے، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خولہ خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، بھارت نے طاقت کے بل بوتے پر غاصبانہ قبضہ کرکے کشمیریوں پر جو مظالم روارکھے ہیں اس کی مثال تاریخ

انسانی میں نہیں ملتی ، 80 لاکھ کشمیری عوام کو 9 لاکھ بھارتی فوج نے یرغمال بنارکھاہے اور کشمیریوں کی جان ومال اور عزت آبروکی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں ، ہندوستان کی جمہوریت کا اصلی چہرہ مقبوضہ کشمیر میں نظر آ رہا ہے کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں رائج کالے قوانین صریحاً جمہوری اقدار کے خلاف ہیں۔ ہندوستان بتائے کہ 5 اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جو ہوا کیا وہ جمہوری ملک کرتا ہے ؟ ان کا کہنا تھا کہ تمام تر بھارتی ظلم و ستم کے باوجود کشمیری ڈٹے ہوئے ہیں اور آزادی سے کم کسی چیز پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، مظاہرے سے دیگر خواتین رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں