اعلیٰ حکومتی شخصیت کا فرانس سے پاکستانی سفیر کو واپس بلانے کا مطالبہ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف مذمتی قرارداد منظور ہونے پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے فرانس سے پاکستانی سفیر کو واپس بلوانے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کےخلاف پیش کی گئی مذمتی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یورپ میں اسلاموفوبیا کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کو دنیا میں اسلاموفوبیا کے بڑھتےرجحان پرتشویش ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ پاکستان فرانس سے اپنا سفیر واپس بلائے۔ مذمتی قرار داد میں کہا گیا کہ پاکستان او آئی

سی سے مطالبہ کرتا ہے کہ جلد از جلد اسلامی ممالک کا اجلاس بلایا جائے اور 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کیخلاف دن منایا جائے ۔قرارداد میں کہا گیا کہ او آئی سی گستاخانہ خاکوں پر نوٹس لے ۔ قرارداد کے مطابق پاکستان کا منتخب ایوان گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی مذمت کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ اوآئی سی اجلاس طلب کیا جائے اور او آئی سی اسلاموفوبیا کیخلاف 15 مارچ کا دن منائے ۔قرارداد میں کہا گیا کہ مسلمانوں کیخلاف مذہبی منافرت کو کم کیا جائے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی صدر میکرون نے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح کیے ہیں۔ یورپ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اسلاموفوبیا کی مثال ہے۔ واضح رہے کہ اسمبلی اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف مذمتی قرارداد اپوزیشن اور حکومت نے متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔ اس موقع پر اپوزیشن اور حکومت دونوں کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ یاد رہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون کے اسلام مخالف بیانات سے تمام دنیا کے مسلمان شدید غم و غصے میں مبتلا ہیں، فرانسیسی صدر کے بیان پر پاکستان اور ترکی سمیت دیگر اسلامی ممالک نے شدید احتجاج کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں