نوازشریف حاضر ہوں! طلبی کے اشتہار لندن میں بھی لگیں گے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن میں موجود رہائش گاہ پر بھی ان کی طلبی کے اشتہارات لگائے جائیں گے۔ میڈیا ذرائع کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں عدالتی حکم پر عمل درآمد کروانے کے لیے سیکرٹری وزارت خارجہ کو خط لکھ دیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ طلبی کے اشتہارات سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن رہائش کے ٹاؤن کے کسی چوراہے میں بھی چسپاں کیے جائیں ، کیوں کہ عدالت کی طرف سے وفاقی حکومت کو حکم دیا گیا ہے کہ نواز شریف کی

لندن رہائش گاہ کے قریب کسی مقام پر بھی طلبی کا اشتہار چسپاں کیا جائے اور لندن کے تینوں مقامات پر اشتہار پاکستانی ہائی کمیشن لندن کے ذریعے چسپاں کروائے جائیں۔یاد رہے کہ عدالتی احکامات پر آج دو مقامی اخبارات میں العزیزیہ اسٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طلبی کے اشتہارات شائع ہوئے۔بذریعہ اشتہار نواز شریف کو 24 نومبر کو عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالت طلبی کے اشتہار کے متن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو 6 جولائی 2018 کو 10 سال قید اور 8 ملین پاؤنڈز جرمانے کی سزا سنائی گئی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیا گیا۔اشتہار میں کہا گیا ہے کہ 19 ستمبر 2018 کو نواز شریف کی سزا معطل ہوئی تو وہ جیل سے ضمانت پر رہا ہوئے۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیل زیر سماعت ہے اور نواز شریف عدالت پیش ہونے کے پابند تھے۔نواز شریف کی حاضری یقینی بنانے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے جس کی تعمیل نہ ہو سکی۔ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور ڈیڑھ ارب روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی تاہم سابق وزیر اعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں 8 ہفتوں کی ضمانت منظور کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں