کیپٹن صفدر عدالت پیش،عدالت نے ضمانت منظور کرلی

کراچی(نیوز ڈیسک) مزار قائد بے حرمتی کیس میں گرفتار کیپٹن (ر)صفدر کی عدالت نے ضمانت منظور کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے ابھی پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو بتایا کہ مریم اورنگزیب نے انہیں ابھی اطلاع دی ہے کہ سٹی کورٹ نے کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منظور کرلی ہے۔جبکہ مزار قائد کی بے حرمتی کیس میں گرفتار کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف کیس کی سماعت جاری ہے۔ کراچی کے عزیز بھٹی پولیس اسٹیشن نے کیپٹن (ر) صفدر کو بکتر بند گاڑی میں سٹی کورٹ لایا گیا۔ کیس کی سماعت جاری ہے۔سماعت کے دوران مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے

وکلاء آپس میں الجھ گئے، کمرہ عدالت میں فاضل جج کے سامنے ایک دوسرے پر چلاتے رہے۔ عدالت نے وکلا کو خاموش کرایا۔کیپٹن (ر) صفدر نے عدالت کے روبرو اپنے بیان میں کہا کہ 11اگست کو لاہور میں مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا۔ میں نے عمران خان اور دیگر کو نامزد کیا، پی ٹی آئی حکومت انتقام لے رہی ہے۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو پیر کی صبح کراچی میں نجی ہوٹل کے کمرے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ مریم نواز نے اپنی ٹوئٹ سے بتایا تھا کہ کراچی میں پولیس نے ہوٹل میں ہمارے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن (ر) صفدر کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو بھی شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جب پولیس اہلکار زبردستی اندر گھسے تو وہ کمرے میں موجود تھیں اور سو رہی تھیں۔دونوں سیاسی رہنما پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں شرکت کے لیے کراچی آئے تھے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے گرفتاری کے بعد ووٹ کو عزت دو، مادر ملت زندہ باد اور ایوبی مارشل لاء مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔تھانہ بریگیڈ کی انویسٹی گیشن پولیس کی جانب سے یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن صفدر سمیت مسلم لیگ (ن) کے 200 سے زائد کارکنوں کیخلاف مزار قائد کی بے حرمتی کا مقدمہ درج کرایا ہے۔تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان ، حلیم عادل شیخ ، راجہ اظہر اور دیگر مزار قائد کا تقدس پامال کرنے پر پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز ، ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرانے بریگیڈ تھانے پہنچے تھے۔ پہلے پہل پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کیا تو پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنان نے تھانے کے باہر احتجاج کیا جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں