آذربائیجان کا یوم آزادی، وزیراعظم عمران خان کی آذری صدر کو اور عوام کو مبارکباد

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے آذربائیجان کے صدر اور عوام کویوم آزادی پر مبارکباد دی۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں یوم آزادی کے موقع پر آذربائیجان کےصدر اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے وطن کےدفاع پرآذربائیجان کی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نگورنو کاراباخ کے مسئلے پر پاکستان آذربائیجان کےساتھ کھڑا ہے۔عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ نگورنوکاراباخ مسئلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کےمطابق حل ہونا چاہیئے۔ادھر پاکستان نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر

جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ہے جس کا مقصد مزید انسانی بحران سے بچنا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ امن و استحکام کےلئے ایک مثبت پیشرفت ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طے پانے والی شرائط کی مکمل پاسداری کی جائے گی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ فریقین کے درمیان پائیدار امن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عملدرآمد اور آذربائیجان کے علاقوں سے آرمینیا کی فوج کے انخلا پر منحصر ہے۔دوسری جانب پاکستان نے آرمینیا کے وزیراعظم کے بے بنیاد الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے جس میں جاری تنازع میں پاکستان کی خصوصی فورسز پر آذربائیجان کی فوج کا ساتھ دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ ایک بیان میں کہا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے اس معاملے پر بھی اپنا موقف واضح کیا ہے کہ آذربائیجان کی افواج اپنے وطن کے دفاع کیلئے کافی ہیں اور انہیں غیر ملکی افواج کی مدد درکار نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ آرمینیا کی قیادت آذربائیجان کے خلاف اپنے غیر قانونی اقدامات پر پردہ ڈالنے کے لئے غیر ذمہ دارانہ پراپیگنڈہ کر رہی ہے جسے روکا جانا چاہیے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان طویل المعیاد امن اور معمول کے تعلقات کی بحالی کا انحصار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد اور آذربائیجان کی علاقائی حدود سے آرمینیا کی فوج کے انخلا پر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں