گوجرانوالہ جلسہ اداروں کے خلاف محاذ بنانے کی ناکام کوشش قرار

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پہلے جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا یہی ہے کہ اس جلسے سے اپوزیشن کو فائدہ نہیں نقصان ہوا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ غیرجانبدار تجزیہ کار کہہ رہے ہیں کہ جلسہ میں 15 سے 18 ہزار لوگ تھے، اپوزیشن کا پہلا جلسہ کوئی تاثر قائم نہیں کر سکا، قائدین کی تقاریر میں لچر زبان استعمال کی گئی۔انہوں نے تحریر کیا کہ جلسے میں اداروں کےخلاف محاذ بنانے کی ناکام کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کا عمل ایسا ہے جیسے ناراض محبوبہ کا ہوتا ہے۔ مسلم لیگ ن والوں سے کہتا ہوں خطرناک کھیل نہ کھیلے لیکن نواز شریف کو سمجھ نہیں آرہی کہ کیسے بدلہ لیں۔ امید ہے آپ باقی جلسے مؤخر کر دیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ میں نواز شریف کو باہر بھیجنے کے حق میں نہیں تھا۔ جب ایسے لوگ باہر جاتے ہیں تووہ بین الاقوامی ایجنڈے کا حصہ بن جاتے ہیں اور پاکستان کے اداروں پر تنقید بھارت کا ایجنڈا ہے۔نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ نے اپنے دور میں کشمیر پر کوئی بات نہیں کی اور اداروں کے خلاف بات کیا غداری کے زمرے میں نہیں آتی ؟ گزشتہ روز کے جلسے میں کشمیر اور کلبھوشن پر کوئی بات نہیں کی گئی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو لندن سے واپس لایا جائے گا جبکہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ روز خالی کرسیوں سے خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں