قومی اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم کی آمد پر ایسا کام ہوگیا کہ عمران خان فوراََ ایوان سے باہر چلے گئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں پہنچتے ہی اپوزیشن نے شدید احتجاج شروع کیا اور نعرے بازی کی جس پر وہ فوراً واپس چلے گئے۔قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت اجلاس شروع ہوا تو کراچی میں مولانا عادل خان، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی شیلنگ اور دہشت گردی میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔وزیراعظم عمران خان بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے لیکن آغاز میں ہی اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور احتجاج کیا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے سوالات کا سیشن شروع

کرنے کی ہدایت کی لیکن اپوزیشن بدستور احتجاج کرتے رہے۔اپوزیشن ارکان نے حکومت مخالف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور ساتھ ہی ‘چینی چوری کی سرکار نہیں چلے گی’، ‘جزائر پر قبضہ نامنظور’، ‘گو نیازی گو’ کے نعرے لگائے اور حکومت مخالف پوسٹر لہراتے رہے۔اپوزیشن ‘گو نیازی گو’ اور ‘یہ بھاگا نیازی’ کے نعرے لگاتے رہے جس پر وزیراعظم عمران خان ایوان سے اٹھ کر چلے گئے، حکومتی اراکین کی جانب سے بھی نعرے بازی کی گئی جس کے بعد اسپیکر نے اجلاس 20 منٹ کے لیے ملتوی کردیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس 20 منٹ بعد شروع ہوا تو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نوید قمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس آج کیوں بلایا گیا جب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا پہلا جلسہ ہونا تھا، حکومت کے اس اقدام کو ہم کیا سمجھیں کہ حکومت کی کوشش تھی اپوزیشن اسمبلی میں نہیں آئے۔نوید قمر نے کہا کہ اپوزیشن کے بغیر پارلیمنٹ نہیں چلتی جبکہ اپوزیشن نے ایک مرتبہ پھر نعرے بازی شروع کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں