حکومت نے موٹروے کیس کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کردی، ملزم کو نشان عبرت بنانے کا اعلان

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے سانحہ گجر پورہ کے مرکزی ملزم عابد کی گرفتاری کی تصدیق کر دی، ترجمان صوبائی حکومت فیاض الحسن چوہان کی جانب سے ملزم کو قانون کے مطابق سزا دلوانے، عبرت کا نشان بنانے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض الحسن چوہان اور رہنما تحریک انصاف شہباز گل کی جانب سے سانحہ گجر پورہ کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کی تصدیق کر دی گئی ہے۔اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے ملزم عابد کی گرفتاری پر پنجاب پولیس کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں کے

نتیجے میں ملزم کی گرفتاری میں کامیابی حاصل ہوئی۔ جبکہ ان کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ملزم کو جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ملزم کو قانون کے مطابق سز دلوائیں گے، اسے عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ریپ کیس کے مرکزی ملزم عابد کو فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔اس کی میں شریک دوسرا ملزم شفقت پہلے ہی جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے، دونوں ملزمان نے لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر ڈکیتی کے بعد خاتون سے اس کے بچوں کے سامنے اجتماعی جنسی زیادتی کی تھی۔اس سے قبل 4 مرتبہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عابد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا تاہم آج اسے پکڑ لیا گیا۔ملزم کی گرفتاری میں پنجاب پولیس کی دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی معاونت کی اور سائنٹفک طریقے بھی استعمال کیے گئے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے عابد کی گرفتاری کے لیے جال بچھایا اور اس کی بیوی کو فون اور نمبر فراہم کیا، یہ نمبر بیوی نے عابد سے رابطے کیلئے استعمال کیا۔ذرائع کے مطابق عابد نے اہلیہ کو اسی فون پر کال کرکے بتایا کہ وہ فیصل آباد آئے گا جس کے بعد اس کی اہلیہ کو فیصل آباد پہنچایا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے اس کی اہلیہ کو فیصل آباد پہنچا کر سادہ لباس اہلکاروں کا جال بچھایا اور جیسے ہی ملزم ملاقات کے لیے پہنچا تو اس کو حکمت عملی کے تحت بغیر کسی مزاحمت کے گرفتار کرلیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں