کرنسی نوٹوں پر کورونا وائرس کتنے ہفتوں تک فعال رہ سکتا ہے، ماہرین صحت نےخبردار کردیا

سڈنی(نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کے کرنسی نوٹوں، شیشے اور دیگر چیزوں پر ہفتوں تک رہنے کا انکشاف ہوگیا ۔ اس بارے میں غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کی بائیو سکیورٹی لیبارٹری میں ہونے والی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ کرنسی نوٹوں ، ٹچ اسکرین والے آلات اور ٹرینوں میں موجود ہینڈلز پر کورونا وائرس لمبے عرصے تک قیام کرتا ہے۔تحقیق میں حصہ لینے والے سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ موبائل فون کی اسکرین پر موجود گلاس، اور پلاسٹک سے بنے کرنسی نوٹوں پر کمرے کے درجہ حرارت میں یا 20 سینٹی گریڈ میں کورونا وائرس 28دن تک موجود رہ سکتا ہے، جب کہ اگر درجہ

حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو تو وائرس کے زندگی ایک دم کم ہوجاتی ہے ، جس سے یہ بھی تصدیق ہوتی ہے کہ کورونا وائرس ٹھنڈی جگہوں پر زیادہ دیر تک فعال رہتا ہے ، جس کی وجہ سے گرمیوں کے موسم کی نسبت سردیوں میں اس کو کنٹرول کرنا مشکل ثابت ہوگا ۔آسٹریلوی تحقیقاتی مرکز کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیبی ایگلز کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ہماری تحقیق کے نتائج سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کورونا وائرس ہموار سطحوں پر زیادہ دیر تک رہ سکتا ہے تو اس صورتحال میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہاتھوں اور ہموار سطحوں کو بار بار دھویا جائے، تحقیق کے دوران کورونا وائرس کو مصنوعی بلغم میں مختلف سطحوں پر خشک کرنے کے بعد اس کا تقابلی جائزہ مریضوں سے لیے جانے والے نمونوں کے ساتھ کیا گیا ، جس کے بعد وائرس کو ایک ماہ کے لیے آئسو لیشن میں چھوڑا گیا ، جب کہ اس دوران اندھیرے میں بھی تحقیق کی گئی تاکہ سورج کی روشنی کے ساتھ بھی اس کا تقابلی جائزہ لیا جاسکے ، اس دوران سائنسدانوں کو معلوم ہوا کہ سورج کی روشنی میں کورونا وائرس بہت جلد غیر فعال ہوجاتا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں